پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 6، بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں جامع اصلاحات کا فیصلہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 26 نومبر 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحانی نظام کو جدید، شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے پی سی ایس امتحان میں امیدواروں کی شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اصلاحات کے تحت کمپیوٹرائزڈ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید امتحانی نظام متعارف کرانے، دور دراز علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے اور امتحان کے انعقاد سے نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان فیصلوں کا اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امتحانی طریقہ کار کو جدید عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے، روایتی ہاتھ سے لکھے جانے والے پرچوں کی جگہ کمپیوٹرائزڈ نظام رائج کرنے اور امتحانی عمل کو پیپر لیس بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی سی ایس امتحانات کو ٹوفل اور جی آر ای کے جدید امتحانی معیار کی طرز پر منعقد کرنے کے امکانات کو عملی شکل دی جائے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کا مقصد شفافیت، رفتار اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مقابلے کے امتحانات میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی نوجوان محنت کرکے خود کو امتحان کے لیے تیار کرتا ہے تو اسے قواعد و ضوابط کے ذریعے مواقع سے محروم کیوں رکھا جائے؟ اسی سوچ کے تحت پی سی ایس امتحان میں شرکت کے مواقع تین سے بڑھا کر چھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی ایس کے ذریعے منتخب ہونے والے افسران صوبائی انتظامیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے سول سروس میں زیادہ اہل، باصلاحیت اور جدت پسند افراد کو شامل کرنے کے لیے انتخابی عمل کو مزید مؤثر بنانا ضروری ہے۔
اجلاس میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانی مراکز قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی تاکہ امیدواروں کو اپنے علاقوں کے قریب امتحانات میں شرکت کی سہولت میسر آسکے۔ اس سلسلے میں بیوٹمز اور دیگر جامعات ہفتہ وار تعطیلات کے دوران امتحانات کے انعقاد کے لیے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو امتحانی ہال بلا معاوضہ فراہم کریں گی۔
وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کو ہدایت کی کہ امتحان کے انعقاد سے نتائج کے اعلان تک تمام مراحل زیادہ سے زیادہ تین ماہ میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنتی نوجوانوں کو امتحانی نتائج کے لیے مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرکے امیدواروں کو بروقت نتائج فراہم کیے جائیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی، شفاف انتخاب اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد مضبوط بنایا جائے گا۔ صوبائی حکومت امتحانی نظام کی بہتری اور اصلاحات کے عمل میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
قبل ازیں چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) کیلاش ناتھ کوہلی نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے زیر التواء ہزاروں کیسز چند ماہ میں نمٹا دیے گئے ہیں اور اب کمیشن میں کوئی کیس زیر التواء نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے زیر التواء کیسز نمٹانے پر کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اصلاحات کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن جسٹس (ر) کیلاش ناتھ کوہلی، کمیشن کے اراکین عبدالصبور کاکڑ اور غلام علی بلوچ، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، وزیر اعلیٰ کے معاون شاہد رند، اسپیشل سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ حبیب الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون خان نے شرکت کی۔


Comments are closed.