خیبرپختونخوا میں پن بجلی، فنی تعلیم اور وکلاء کے مسائل سے متعلق اہم فیصلے

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 27 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ اور پیڈو پالیسی بورڈ کے اجلاسوں میں مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ اور مالیاتی اعداد و شمار سمیت مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دے دی گئی، جبکہ صوبے میں پن بجلی کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے اور تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ پر زور دیا گیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ کے 22ویں اجلاس میں مشیر توانائی عثمان سیف اللہ، مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی اسلام زیب، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور محمد زبیر اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری انرجی اینڈ پاور محمد زبیر نے ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں اور مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں کی منظوری دے دی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پن بجلی کی پیداوار کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اسی روز گورنر کی زیر صدارت پیڈو پالیسی بورڈ کا 23واں اجلاس بھی گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر توانائی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی اسلام زیب، سیکرٹری توانائی زبیر خان اور دیگر اراکین نے شرکت کی، جبکہ مشیر خزانہ طارق محمود پاشا نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے پالیسی بورڈ کی تشکیل، ذمہ داریوں اور طریقہ کار پر بریفنگ دی۔ مختلف ایجنڈا آئٹمز کا جائزہ لینے کے بعد پیڈو کے مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ آپریشنل بجٹ اور حقیقی مالیاتی اعداد و شمار کی منظوری دی گئی، جبکہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں ہائیڈل پالیسی سے متعلق تکنیکی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ مشیر قانون عامر جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد میں بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد رفیق مہمند سمیت دیگر عہدیدار شامل تھے۔

ملاقات میں وفد نے وکلاء کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے قیام، وکلاء اکیڈمی کی تعمیر اور دیگر مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنر نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ پشاور ہائیکورٹ پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے متعلق محکمہ مواصلات و تعمیرات سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔

گورنر نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے میں انصاف کی فراہمی کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار انتہائی اہم ہے۔

گورنر کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (کے پی ٹیوٹا) سے متعلق اجلاس میں بھی فنی تعلیم اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت، تجارت و تکنیکی تعلیم سلطان ترین اور کے پی ٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر میاں عبدالقادر شاہ نے جاری اور مجوزہ پروگراموں، ادارے کی کارکردگی، استعداد کار اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

گورنر کو چین کی کمپنی ٹینگ چائنیز ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے تعاون سے مجوزہ چین۔خیبرپختونخوا ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے بارے میں بتایا گیا، جس کے تحت طلبہ ایک سال چین اور دو سال خیبرپختونخوا کے ٹیوٹا اداروں میں تربیت حاصل کریں گے۔ پروگرام میں چینی زبان کی تعلیم، سافٹ اسکلز ٹریننگ، وظائف اور فیکلٹی کے تبادلے کے مواقع بھی شامل ہوں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تاجکستان میں ٹیلرنگ کے شعبے میں ملازمت کے لیے ملک بھر میں اعلان کردہ 100 آسامیوں کے مقابلے میں خیبرپختونخوا کے 64 نوجوان منتخب ہوئے ہیں۔

گورنر کو صوبے بھر میں 10 ہزار نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تکنیکی مہارتیں فراہم کرنے کے مجوزہ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد پاکستان اور بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کے پی ٹیوٹا دسمبر 2027 میں پہلی مرتبہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کی کانووکیشن منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس میں 19 مختلف ٹیکنالوجیز کے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے کے پی ٹیوٹا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ ان کی روزگار کے حصول کی صلاحیت میں اضافہ ہو اور وہ صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

Web Desk

Comments are closed.