پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1,463 ٹریفک حادثات، 22 افراد جاں بحق، 1,676 زخمی

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

لاہور: پنجاب کے تمام 38 اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات کے 1,463 واقعات پیش آئے، جن میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 1,676 زخمی ہوگئے۔

ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق شدید زخمی ہونے والے 741 افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ معمولی زخمی ہونے والے 935 افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حادثات میں 82 فیصد موٹر سائیکلیں ملوث تھیں، جس کے پیش نظر ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور لین ڈسپلن کو یقینی بنانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

حادثات کا شکار ہونے والوں میں 959 ڈرائیور، 83 کم عمر ڈرائیور، 196 پیدل چلنے والے افراد اور 543 مسافر شامل ہیں۔ لاہور میں ٹریفک حادثات کے 229 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 269 افراد متاثر ہوئے، یوں صوبائی دارالحکومت پہلے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد میں 87 حادثات میں 105 افراد جبکہ ملتان میں 78 حادثات کے نتیجے میں 85 افراد متاثر ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق حادثات میں مجموعی طور پر 1,698 افراد متاثر ہوئے، جن میں 1,322 مرد اور 376 خواتین شامل ہیں۔ متاثرین میں 319 افراد کی عمریں 18 سال سے کم، 920 کی عمریں 18 سے 40 سال جبکہ 459 افراد کی عمریں 40 سال سے زائد تھیں۔

حادثات میں 1,622 موٹر سائیکلیں، 85 رکشے، 182 موٹر کاریں، 32 وینز، 10 مسافر بسیں، 40 ٹرک اور دیگر اقسام کی 50 گاڑیاں اور سست رفتار ٹرانسپورٹ کے ذرائع شامل تھے۔

Web Desk

Comments are closed.