گلگت بلتستان میں پہلے مرحلے پر گلگت، سکردو اور چلاس میں سستے بازار قائم ہوں گے، وزیر اعلیٰ

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت، 27 نومبر: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے صوبے کے تمام اضلاع میں عوام کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے ضروریہ مناسب اور سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے سستے بازار قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ تین دن میں اپنے متعلقہ اضلاع میں سستے بازاروں کے قیام کے حوالے سے قابل عمل سفارشات مرتب کرکے پیش کریں۔

تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز گلگت، سکردو اور چلاس میں سستے بازار قائم کیے جائیں گے، جس کے بعد اس منصوبے کو مرحلہ وار تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کا مقصد عوام کو روزمرہ استعمال کی معیاری اشیائے ضروریہ ایک ہی جگہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنا، خریداری کے دوران درپیش مشکلات کم کرنا اور ٹریفک کے مسائل میں کمی لانا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سستے بازاروں کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے، جہاں صوبائی حکومت عارضی بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرکے دلچسپی رکھنے والے تاجروں کو فراہم کرے گی۔ مقامات کے انتخاب میں عوام کی آسان رسائی کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اوگرا کی پالیسی میں تبدیلی کے بعد ایل پی جی کی اوپن مارکیٹ میں نیلامی کے نتیجے میں گیس سلنڈرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچائے جائیں اور صارفین کو کم نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور صارفین سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے اور حکومتی رٹ یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و اطلاعات سید جلال شاہ، سیکریٹری وزیر اعلیٰ صفدر خان، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

Web Desk

Comments are closed.