گلگت بلتستان میں ذہنی صحت اور طلبہ کی نفسیاتی معاونت کے فروغ پر زور

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت، 27 نومبر: صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان امان علی عامر نے کہا ہے کہ ذہنی صحت اور نفسیاتی و سماجی بہبود کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے تعلیمی اداروں، حکومتی محکموں اور کمیونٹی کے درمیان مربوط تعاون ناگزیر ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات و انسانی ترقی کے سربراہ ڈاکٹر بشارت حسین اور ایم ایس سوشیالوجی کے طلبہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے بھر میں ذہنی صحت، نفسیاتی و سماجی بہبود اور طلبہ کے لیے معاون تعلیمی ماحول کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیر کو ’’سوشیالوجی آف کیئر: سائیکالوجیکل فرسٹ ایڈ اور سیلف کیئر کے ذریعے کمیونٹی سپورٹ کا فروغ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے سیمینار اور ورکشاپ میں شرکت کی دعوت دی۔ یہ پروگرام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور فاطمہ جناح ویمن ڈگری کالج گلگت کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر بشارت حسین نے گلگت بلتستان میں ذہنی صحت کے فروغ کے لیے تجاویز پیش کرتے ہوئے عوام، خصوصاً طلبہ میں آگاہی پیدا کرنے اور نفسیاتی معاونت کے مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔

صوبائی وزیر امان علی عامر نے کہا کہ طلبہ کو ذہنی اور جذباتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مناسب رہنمائی، آگاہی اور معاونت فراہم کرنا تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت گلگت بلتستان تعلیمی اداروں میں مثبت، محفوظ اور معاون ماحول کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو اہمیت دے گی۔

Web Desk

Comments are closed.