عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گلگت، 27 نومبر: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں 800 گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے آبپاشی اور سیلاب سے بچاؤ کے دو منصوبوں کا ورچوئل افتتاح کیا گیا، جبکہ سماعت سے محروم بچوں کی تعلیم کے لیے گلگت، اسکردو، دیامر اور غذر میں خصوصی تعلیمی مراکز اور اسکول قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
یہ اقدامات پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ہاشو فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گلگت میں ملک گیر مہم ”دخترانِ پاکستان“ کے تحت خواتین کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ سرگرمیوں کی تقریب کے دوران کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے وقار، حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا پرامن، جامع اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے، جامع تعلیم کے فروغ، سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ روزگار کے ذرائع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیف سیکریٹری نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ہاشو فاؤنڈیشن کی کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں، ترقیاتی تنظیموں اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر شراکت داری سے سماجی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
تقریب میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ، ہاشو فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیرا ہاشوانی، سیکریٹری محکمہ اعلیٰ، فنی اور خصوصی تعلیم راجہ رشید علی، دیگر اعلیٰ سرکاری حکام، ترقیاتی شراکت داروں اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی۔
ضلع دیامر میں افتتاح کیے گئے منصوبوں میں پانچ کلومیٹر طویل آبپاشی واٹر چینل کی بحالی اور 160 فٹ طویل حفاظتی دیوار شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے آبپاشی کی سہولت بہتر بنانے، زرعی روزگار کے تحفظ اور سیلاب سے متعلق خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب کے دوران محکمہ اعلیٰ، فنی اور خصوصی تعلیم، حکومتِ گلگت بلتستان، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور فیملی ایجوکیشنل سروسز فاؤنڈیشن کے درمیان سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت گلگت اور اسکردو میں ڈیف ریچ سینٹرز آف ایکسیلنس جبکہ ضلع دیامر اور ضلع غذر کے ڈس ایبلٹی سینٹرز میں دو ڈیف ریچ سیٹلائٹ اسکول قائم کیے جائیں گے۔
ان مراکز کے ذریعے سماعت سے محروم بچوں اور نوجوانوں کو خصوصی تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور فنی و پیشہ ورانہ مواقع فراہم کیے جائیں گے، بالخصوص ایسے علاقوں میں جہاں تعلیمی سہولیات محدود ہیں۔
ہاشو فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیرا ہاشوانی نے گلگت بلتستان لوکل ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے تعاون سے جاری اس پروگرام کے تحت ضلع دیامر کی چار یونین کونسلوں اور دس دیہات میں تقریباً 100,517 افراد مستفید ہوئے۔ پروگرام کے ذریعے کمیونٹی اداروں، روزگار کے ذرائع اور ماحولیاتی پائیداری کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملی۔
پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ نے کہا کہ محفوظ اور معاون خاندانی ماحول سماجی ہم آہنگی، امن اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری، تعلیم، صحت، بلا سود قرضوں، قابلِ تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
مہم کا موضوع ”مضبوط خاندان، مضبوط معاشرے“ ہے، جس کا مقصد مثبت خاندانی اقدار، سماجی ہم آہنگی، صنفی مساوات اور باہمی احترام کو فروغ دینا اور تشدد و انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے کمیونٹی کی سطح پر اقدامات کرنا ہے۔
مقررین نے خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی شمولیت، جامع تعلیم اور کمیونٹی کی قیادت میں ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ، ہاشو فاؤنڈیشن، حکومتِ گلگت بلتستان اور ترقیاتی شراکت داروں نے خطے میں خواتین کے تحفظ، تعلیم اور کمیونٹی کی مضبوطی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Comments are closed.