عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
آزاد کشمیر میں کالعدم کمیٹی سے وابستہ عناصر کی مسلح سرگرمیوں کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے، جس میں شہزاد نامی شخص مسلح افراد کے ہمراہ ریاستی اداروں کو کھلی دھمکیاں دیتے اور مسلح افراد کو ریاست کے خلاف حملوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دیتا دکھائی دے رہا ہے۔
ویڈیو میں شہزاد نے عوام کے ووٹوں سے منتخب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے لیے بھی توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔ مسلح افراد کی موجودگی اور ریاستی اداروں کے خلاف دھمکیوں نے عوامی حقوق کے نام پر جاری سرگرمیوں کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
آزاد کشمیر میں مسلح جتھوں کی سرگرمیاں شہریوں کے جان و مال، امن عامہ اور ریاستی نظم و نسق کے لیے خطرہ ہیں۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے مسلح جتھوں کے خاتمے اور ریاستی رٹ کی بحالی کا دوٹوک مطالبہ کر چکی ہے۔
کالعدم کمیٹی پر ماضی میں دہشت گردی، تخریب کاری اور بھارتی سرپرستی میں بدامنی پھیلانے کے الزامات بھی سامنے آ چکے ہیں۔
حالیہ ویڈیو کے تناظر میں مسلح جتھوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ذرائع کی جامع تحقیقات ناگزیر ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق، جان و مال اور آزادانہ نقل و حرکت کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
عوامی حقوق کے نام پر اسلحہ اٹھانے، شہریوں کو یرغمال بنانے اور ریاستی اداروں پر حملوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔


Comments are closed.