بلوچستان میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی پر زور

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

کوئٹہ، 27 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان کی زیر نگرانی قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی اقدامات کو مؤثر بنانے اور ہنگامی حالات میں عوام کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

 

اس سلسلے میں ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ کوآرڈینیشن، پی ڈی ایم اے بلوچستان، نوید احمد شیخ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کے موضوع پر منعقدہ اہم ورکشاپ میں بطور مہمان مقرر شرکت کی۔

 

ورکشاپ میں ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ، خطرات کی مالی معاونت اور پیشگی اقدامات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم کا مقصد خشک سالی سے متعلق پیشگی اقدامات اور ہنگامی منصوبہ بندی کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، محکمہ موسمیات پاکستان اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنا تھا۔

 

ورکشاپ کے دوران مختلف اداروں کے درمیان تکنیکی معلومات، تجربات اور بہترین عملی طریقہ کار کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ خشک سالی کی پیشگی اطلاع، بروقت ردعمل اور متاثرہ آبادیوں کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

 

اس موقع پر نوید احمد شیخ نے بلوچستان میں خشک سالی کے چیلنجز، پی ڈی ایم اے کے پیشگی اقدامات اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم اے بلوچستان خشک سالی سمیت تمام قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

Web Desk

Comments are closed.