گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو(Wada Mitsuhiro) نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت خیبر پختونخوا میں تعلیم، زراعت، معدنیات اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں مقیم افغان شہریوں کی باعزت واپسی سے متعلق امور بھی زیر بحث رہے۔ملاقات میں جاپانی سفیر کے ہمراہ خیبرپختونخوا میں اعزازی قونصل جنرل جاپان نوابزادہ فضل کریم آفریدی بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گورنرکاکہناتھاکہ جاپان کے ساتھ 1952 سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ جاپان حکومت صوبہ بالخصوص ضم اضلاع میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مزید تعاون کرے۔موجود صورتحال میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیم کی تمام سہولیات فراہم کرنا اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جاپان حکومت کے تعاون سے ضم اضلاع میں اسکولوں اور بی ایچ یوز کے قیام یا اپ گریڈیشن منصوبوں کے آغاز سے دوطرفہ عوامی دوستانہ تعلقات مستحکم ہوں گے، ضم اضلاع میں تعلیم اور صحت کی بنیادی ضروریات کی فراہمی جاپان سمیت دوست ترقی پذیر ممالک کا تعاون درکار ہے جبکہ معدنیات و زراعت کے شعبہ میں جاپان اپنی جدید ٹیکنالوجی سے صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو ایسی مدد یقینی بنائے کہ وہ معدنی و زرعی شعبہ میں دستیاب استعداد کو استعمال میں لا کر کاروبار و روزگار سے منسلک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ٹنل، غازی بروتھا ڈیم اور قدرتی آفات میں امدادی منصوبوں پر جاپان حکومت کے شکرگزار ہیں،انہوں نے کہاکہ 2006 سے جاپان کے تعاون سے ورسک ڈیم سے پشاور کیلئے پینے کی صفا پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیا جو کہ ابھی تک التواء ہے۔ یہ منصوبہ بہت بڑامنصوبہ ہے جس سے ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں سے چھٹکارا ملے گا۔ جاپان حکومت کے خیبر پختونخوا میں جائیکا کے زیر انتظام منصوبوں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں جاپان سمیت تمام دوست ممالک کے شہریوں کو وفاق و صوبائی حکومتیں مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔ جاپانی سفیر نے پہلی مرتبہ پشاور کا دورہ کرنے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کیجانب سے شاندار مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال کا شکریہ ادا کیا۔جاپانی سفیر نے گورنر کو جائیکا کے زیر انتظام صوبہ میں بعض منصوبوں میں حائل رکاوٹوں سے متعلق بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہاکہ جائیکا کے زیرانتظام منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ اجلاس منعقد کیا جائیگا۔جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات زلزلہ، سیلاب، ماہی گیری، لائیوسٹاک، صحت، تعلیم اور بالخصوص ضم اضلاع کے بلدیاتی نمائندوں کی استعداد بڑھانے سے متعلق جاپان حکومت کے منصوبے جاری ہیں اور گورنر خیبرپختونخوا کیجانب سے نشاندہی کئے جانیوالے عوامی مفاد کے منصوبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا، آخر میں گورنر نے جاپانی سفیر کو گورنر ہاؤس آمد پر تحفہ بھی پیش کیا۔علاوہ ازیں گورنرضلع مہمندسے 25 رکنی نمائندہ وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں مفتی عبدالرزاق، مولانا عبدالواحد، مولانا رحیم اللہ رحیمی، اکرام اللہ، عامر اسدی اور دیگر شامل تھے۔وفد نے گورنر کو ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی علاقوں کی صوبے میں ضم ہونے کے بعد عوامی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔نہ صرف قبائلی روایات، رسم ورواج اور امن وامان متاثر ہوا بلکہ وعدے کے مطابق ضم اضلاع کو سالانہ 100 ارب روپے فنڈز بھی نہیں دیے جارہے اور اب ضم اضلاع کی قومی اسمبلی کی 6 نشستیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ وفد کے شرکاء نے بے لوث عوامی خدمت پرگورنرکو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ نوجوان نسل کیلئے گورنر کی خدمات اور انداز سیاست قابل تقلید ہے۔ عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے گورنر پر پورے صوبہ بشمول ضم اضلاع کے عوام کو فخر ہے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ضم اضلاع کے عوام ہمیشہ ریاست کے وفادار اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں امن واستحکام، ریاست اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پورے صوبہ بشمول ضم اضلاع میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے وفاقی اورصوبائی حکومت اقدامات اٹھارہے ہیں تاکہ قبائلی عوام میڈیکل، انجینئرنگ اوردیگر شعبوں میں اعلی تعلیم کے حصول کے بعد اپنے ہی علاقوں میں عوام کی خدمت کرسکیں اور ضم اضلاع کے قدرتی وسائل کو صحیح طریقے سے بروئے کارلائے جاسکیں۔دریں اثناء گورنر سے ہری پور اور ملتان سے کاروباری شخصیات سیدعون علی اورملک محمد خان نے بھی ملاقات کی۔ میئر پشاور حاجی زبیرعلی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر گورنر کوپورٹریٹ بھی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ ضلع پشاور تحصیل متھرا کے مختلف نیبرہوڈکونسلز کے منتخب بلدیاتی چیئرمینز نے بھی گورنرسے ملاقات کی اور بجلی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا۔ وفد میں انعام اللہ خان، عزیز غفار، نعمت اللہ خان اوردیگرشامل تھے۔ گورنرنے موقع پر ہی چیف پیسکو اور واپڈا کے دیگر اعلی حکام سے بجلی لوڈشیڈنگ کے حل کیلئے بات کی اور کہاکہ مذکورہ علاقہ کامسئلہ حل کیاجائے۔ #


Comments are closed.