گولڑہ کے علاقے میں پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ ہادی افغانی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

15

اسلام آباد — تھانہ گولڑہ کی حدود میں پولیس ناکہ پر چیکنگ کے دوران بدنام زمانہ ہادی افغانی ڈکیت گینگ کے کارندوں نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹس کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ فرار کی کوشش کے دوران گینگ کا سرغنہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گر پڑا، جسے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عبدالاحد کے نام سے ہوئی، جو افغان شہری ہے اور ڈاکہ زنی، راہزنی سمیت دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور پستول معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
گینگ کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Web Desk

Comments are closed.