اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، بین الاقوامی و بین الصوبائی کارروائیوں میں 12 لاکھ روپے سے زائد منشیات برآمد

11

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں تین بڑی کارروائیاں کیں، جن کے دوران خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 13.34 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جن کی مالیت 12 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

اے این ایف کے مطابق کراچی میں ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے ہاکی بالز میں چھپائی گئی 1.54 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جس پر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

پشاور کے علاقے کارخانو مارکیٹ کے قریب کارروائی میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی جو کوکرز میں چھپائی گئی تھی۔

اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب بین الصوبائی کارروائی کے دوران ایک خاتون مسافر کے قبضے سے 4.6 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف نے بتایا کہ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادارے نے منشیات اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.