اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے سابق وزیرِاعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی سیاسی، جمہوری اور آئینی خدمات کو سراہا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم مدبر اور دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے محروم طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کا متفقہ آئین بھٹو شہید کا تاریخی کارنامہ ہے جو آج بھی پارلیمانی نظام کی بنیاد ہے۔
ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھٹو شہید نے قومی سیاست کو نئی سمت دی اور عوامی شعور کو بیدار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو نے متوسط طبقے کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے اور سماجی انصاف کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی اور جمہوری تسلسل کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments are closed.