وزیراعظم شہباز شریف کا برداشت کے عالمی دن پر پیغام، مذہبی رواداری اور انسانی وقار کے تحفظ پر زور

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 15 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے معاشرے میں برداشت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو پُرامن اور مستحکم معاشرے کی بنیاد قرار دیا ہے۔

برداشت کے عالمی دن (16 نومبر) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد، نظریات اور حقوق کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات صبر، برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور اسوۂ حسنہ بھی صبر و تحمل اور دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا بہترین عملی نمونہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلاامتیاز رنگ، مذہب اور عقیدے عزت، تحفظ، مساوی مواقع اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب، روایات اور ثقافتوں پر مشتمل پاکستان کا معاشرہ باہمی تعاون، افہام و تفہیم اور برداشت کے ذریعے ہی ترقی کر سکتا ہے۔ ملک کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری قوت اور قیمتی قومی سرمایہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور انسانی حقوق و امن کی تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کا نفاذ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے قانونی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے کی اہم پیش رفت ہے۔ ان قانونی تحفظات کو مؤثر ادارہ جاتی تحفظ اور انصاف تک بامعنی رسائی کی صورت میں عملی جامہ پہنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ برداشت اور رواداری کی تربیت کا آغاز گھر سے ہوتا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں اور معاشرتی حلقوں کا ان اقدار کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔

انہوں نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، سرکاری اداروں اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تعصب کو مسترد کریں، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں اور نفرت و تشدد کے خاتمے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔

Web Desk

Comments are closed.