ڈیرہ بگٹی میں ماڈل سیکنڈری اسکول کی تعمیر کا وزیراعلیٰ بلوچستان کا جائزہ

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیر تعمیر ماڈل سیکنڈری اسکول میر غلام قادر بگٹی کا دورہ کیا اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

مقامی افراد اور سرکاری حکام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی خدمت، وعدوں کی تکمیل، میرٹ اور معیاری ترقیاتی کام صوبائی حکومت کے بنیادی اہداف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے جن کے ثمرات عام شہریوں کی روزمرہ زندگی میں واضح طور پر نظر آئیں۔

میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی ترقی میں سرکاری افسران اور سول بیوروکریسی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے مؤثر انتظامی کارکردگی اور اداروں کے درمیان رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے گزشتہ 78 برسوں کے دوران امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج، فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو غیر تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی روایت ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اسکولوں کو مہمان خانوں یا دیگر غیر متعلقہ سرگرمیوں کے بجائے تدریسی مقاصد کے لیے مخصوص رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں صحت کارڈ کی سہولیات میں توسیع، نئے اسپتالوں کا قیام اور طبی خدمات میں بہتری شامل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہزاروں اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں، جبکہ پہلے سے بند سیکڑوں سرکاری اسکول دوبارہ کھولے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد دینے کے لیے ریکارڈ تعداد میں وظائف فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم، صحت، عوامی فلاح اور امن و امان کے شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات جاری رہیں گے اور میرٹ، شفافیت اور معیار کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔

Web Desk

Comments are closed.