یونیورسٹی آف مکران میں عالمی یوم اطفال پر قومی آن لائن آگاہی سیشن کا انعقاد

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پنجگور، 20 نومبر: یونیورسٹی آف مکران پنجگور کے شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام عالمی یوم اطفال کے موقع پر بچوں کے حقوق، جسمانی و ذہنی نشوونما اور بہتر پرورش میں سماجی کارکنوں کے کردار کے موضوع پر قومی سطح کا آن لائن آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔

رواں سال عالمی یوم اطفال کا موضوع ’’میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل‘‘ تھا، جبکہ سیشن میں بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں حائل رکاوٹوں، ان کے سماجی و معاشی اثرات اور والدین کی تربیت و معاشرتی آگاہی کے ذریعے بچوں کی بہتر پرورش میں سماجی کارکنوں کے کردار پر گفتگو کی گئی۔

معروف ماہر تعلیم اور شعبہ ترقی سے وابستہ پروفیشنل ڈاکٹر فرحت نے بطور مقرر اظہار خیال کرتے ہوئے بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما، ان کی تربیت پر اثرانداز ہونے والے سماجی و معاشی عوامل، والدین کی ذمہ داریوں اور بچوں کی بہتر پرورش کے لیے خاندانی و معاشرتی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے خاندان، تعلیمی اداروں، معاشرے اور پیشہ ور سماجی کارکنوں کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ بچوں کی آواز کو اہمیت دینا، ان کے حقوق کا احترام، تحفظ یقینی بنانا اور زندگی سے متعلق فیصلوں میں انہیں اپنی رائے دینے اور حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

سیشن کا مقصد بچوں کے حقوق، جسمانی و ذہنی صحت، تحفظ اور بہتر نشوونما کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ طلبہ میں بچوں کو درپیش سماجی و معاشی مسائل سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس موقع پر والدین کی رہنمائی، خاندانی معاونت اور معاشرتی سطح پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آن لائن سیشن میں شعبہ سوشل ورک کے دوسرے، چوتھے اور چھٹے سمسٹرز کے تقریباً 40 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف مکران کے رجسٹرار آفتاب اسلم، ایڈیشنل رجسٹرار سفر خان، سربراہ شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر رشید منظور اور شعبے کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

رجسٹرار آفتاب اسلم نے سیشن کے انعقاد پر شعبہ سوشل ورک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور تعلیمی و تحقیقی ماحول کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

سربراہ شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر رشید منظور نے ڈاکٹر فرحت کا اپنی علمی و پیشہ ورانہ مہارت اور تجربات سے طلبہ کو مستفید کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی شرکت و تعاون کو بھی سراہا۔

سیشن کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پیشہ ور سماجی کارکن بچوں کے حقوق کے تحفظ، خاندانی نظام کی مضبوطی، والدین میں شعور و آگاہی کے فروغ اور بچوں کی جسمانی، ذہنی و سماجی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.