چمن کے سرکاری اسکولوں میں غیر حاضری اور انتظامی خامیوں پر انکوائری کا حکم

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

چمن: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن اشوک کمار راجپوت نے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے اچانک دوروں کے دوران تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، صفائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول حاجی حبیب اللہ شادیزئی بند پایا گیا، جس کے مرکزی دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔ ڈی ای او نے تعینات دونوں خواتین اساتذہ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مزید محکمانہ کارروائی کے لیے معاملہ اعلیٰ حکام کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے گورنمنٹ مڈل اسکول کلی سیف اللہ خان کا بھی معائنہ کیا، جہاں ہیڈ ماسٹر عبدالناصر غیر حاضر پائے گئے۔ اسکول میں صفائی کی ناقص صورتحال اور انتظامی امور پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اسکول کی مجموعی کارکردگی اور انتظامی معاملات کی تحقیقات کے لیے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قاری عبدالاحَد کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جسے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.