گلگت بلتستان سے پانچ سال میں بجلی کے بحران کے خاتمے کا ہدف، نلتر منصوبہ مکمل

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت، 22 نومبر 2026

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سال میں گلگت بلتستان سے اندھیروں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی توجہ غربت، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل کے مستقل حل پر مرکوز ہے۔

نلتر 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کی تکمیل، گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نلتر پاور پروجیکٹ گلگت شہر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کے بعد شہر کو تقریباً آٹھ سے نو گھنٹے اضافی بجلی میسر آ رہی ہے۔ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے درخواست کی گئی ہے اور توقع ہے کہ وہ جلد گلگت کا دورہ کرکے اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے منصوبے کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نلتر 14 میگاواٹ فیز ٹو اور 16 میگاواٹ فیز تھری منصوبے 2009 میں پی ایس ڈی پی میں شامل کیے گئے تھے۔ 2012 میں دونوں منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا، تاہم 16 میگاواٹ منصوبہ طویل عرصے تک تاخیر کا شکار رہا۔ 2015 تک اس پر صرف تین فیصد جبکہ 2021 میں مجموعی طور پر 23 فیصد کام مکمل ہوا تھا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 2024 کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی گئی اور 2025 تک 72 فیصد پیش رفت حاصل ہوئی، جس کے بعد منصوبہ مکمل کرکے گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ اس سے شہر میں لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے مستقل حل کے لیے 40 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ انتہائی اہم ہے، جو گزشتہ سات سال سے التوا کا شکار ہے۔ اس منصوبے کا آئندہ تین ماہ میں دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ عطاء آباد 54 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے مسائل حل کر لیے گئے ہیں جبکہ ہرپور اور شغرتھنگ پاور پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے غواڑی اور تھک پاور پروجیکٹس کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے پروجیکٹ ڈائریکٹر، محکمہ برقیات کے حکام، ہیوی مکینیکل کمپلیکس کی ٹیم اور سابق چیف سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اہل اور باصلاحیت پروجیکٹ ڈائریکٹرز کی تعیناتی انتہائی اہم ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت کی ترجیح سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوامی مسائل کا مستقل حل، معیارِ زندگی میں بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.