پشتون اور بلوچ عوام کے حقوق، وسائل اور ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے، ایمل ولی خان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
چمن میں شہدائے وطن کی یاد میں عوامی نیشنل پارٹی کا جلسہ عام، باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد، قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی پر زور
چمن: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پشتون اور بلوچ دو برادر اور باوقار اقوام ہیں، جن کے درمیان اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ جمہوری جدوجہد خطے کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ عوام کے قدرتی وسائل اور معاشی امکانات سے مقامی آبادی کو بھی بھرپور فائدہ پہنچنا چاہیے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن کے ہائی اسکول فٹ بال گراؤنڈ میں شہدائے وطن خان جیلانی خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی کی یاد میں عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے کی صدارت اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کی، جبکہ پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں سمیت کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ پشتون قوم کئی دہائیوں سے امن و امان، روزگار، معاشی مشکلات اور ترقی سے متعلق مختلف چیلنجز کا سامنا کررہی ہے۔ پشتون علاقوں میں قدرتی وسائل، معدنیات اور معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے مقامی آبادی کی خوشحالی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے استفادہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ مقامی آبادی کو اپنے وسائل میں مناسب حصہ اور ترقی کے عمل میں مؤثر نمائندگی حاصل ہو۔ عوام کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق کا تحفظ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
اے این پی کے مرکزی صدر نے ڈیورنڈ لائن سے متصل علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی تجارت سے وابستہ مقامی آبادی کے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کے دونوں جانب آباد لوگوں کے تاریخی، ثقافتی اور خاندانی روابط کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ پشتون اور بلوچ عوام کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت اور سیاسی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کا مؤثر کردار عوامی حقوق کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہدا کی قربانیوں اور سیاسی جدوجہد کی امین جماعت ہے۔ شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی جدوجہد فکر باچا خان اور عدم تشدد پر مبنی سیاسی فلسفے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے جلسے کے کامیاب انعقاد پر پارٹی کارکنوں اور ذمہ داران کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون اور بلوچ علاقوں میں امن، ترقی، تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر، تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور مقامی وسائل سے عوام کو فائدہ پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد اور عوامی مفادات کے تحفظ کو اپنی سیاست کا بنیادی اصول بنایا ہے۔ خان جیلانی خان اچکزئی، عسکر خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے مشکل حالات میں بھی پرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ اختیار کیا اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا۔
اے این پی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فکر باچا خان کی بنیاد عوامی خدمت، جمہوری جدوجہد، عدم تشدد اور باہمی احترام پر قائم ہے۔ موجودہ حالات میں پشتون اور بلوچ عوام کے حقوق کے تحفظ، قومی یکجہتی اور خطے میں امن و ترقی کے لیے ان اصولوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو اپنی سیاسی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے۔ خان جیلانی خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی کی قربانیاں پارٹی کارکنوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
جلسے سے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، صوبائی کلچر سیکرٹری حضرت علی اچکزئی اور ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے بھی خطاب کیا۔
جلسے کی نظامت کے فرائض صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے انجام دیے، جبکہ صوبائی ترجمان ولی داد میانی نے قراردادیں پیش کیں۔ تقریب کا آغاز مولوی اختر محمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔


Comments are closed.