اے این ایف کی ملک بھر میں 12 کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

راولپنڈی، 23 نومبر: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف 12 کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کرکے 89.771 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں، جن کی مالیت ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیوں کے دوران تین میلہ چوک، کامرہ روڈ اٹک میں ایک تربیتی ادارے کے قریب سے ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس جبکہ جامشورو، حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب سے ملزم کے قبضے سے 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

دیگر کارروائیوں میں کوئٹہ کی بلیلی چیک پوسٹ پر ایک گاڑی سے 60 کلوگرام افیون برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ منشیات گاڑی کے ٹرنک اور نشست کے نیچے چھپائی گئی تھی۔

سکھر میں شکارپور روڈ پر بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم کے بیگ سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ حیدرآباد کے علاقے سحرش نگر، قاسم آباد میں دو الگ کارروائیوں کے دوران موٹر سائیکل سوار سے 3.6 کلوگرام چرس اور ایک گاڑی کے اسپیکر میں چھپائی گئی 2.5 کلوگرام آئس برآمد کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں انٹیلیجنس اطلاع پر کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 500 کلوگرام پوٹاشیم پرمیگنیٹ برآمد کیا گیا۔

بین الاقوامی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کے لیے جدہ جانے والے دو مسافروں کے سامان میں کپڑوں پر جذب کی گئی 8.69 کلوگرام آئس برآمد کرکے انہیں گرفتار کیا گیا۔

اسی ایئرپورٹ پر دو الگ کارروائیوں کے دوران شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 518 گرام وزنی 85 ہیروئن بھرے کیپسول جبکہ سعودی عرب جانے والے مسافر کے پیٹ سے 583 گرام وزنی 106 کوکین بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔

باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور پر دوحہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 180 گرام آئس جبکہ کراچی کے ایک نجی کوریئر آفس میں دبئی بھیجے جانے والے پارسل سے کاغذ میں جذب شدہ 300 گرام کینابینوئڈ برآمد کیا گیا۔

اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Web Desk

Comments are closed.