خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 25 نومبر: صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام، متاثرین کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور تشدد میں ملوث عناصر کا احتساب ایک محفوظ، منصفانہ اور باوقار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات پر مشترکہ ذمہ داریاں ادا کرنے پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے 16 روزہ عالمی مہم 2026 کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد محکمہ ترقی نسواں بلوچستان نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے)، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور ایوا جی الائنس کے اشتراک سے کیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد محض کسی ایک فرد یا خاندان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین سماجی چیلنج ہے، جس کے خاتمے کے لیے مؤثر قانون سازی، قوانین پر عملدرآمد، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شعور میں اضافہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار خواتین کو خوف، دباؤ اور سماجی بدنامی کے بجائے تحفظ، اعتماد اور انصاف کا ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ متاثرہ خواتین کی عزت نفس اور رازداری کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں قانونی معاونت، نفسیاتی رہنمائی اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
صوبائی مشیر نے زور دیا کہ تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنانا اور انہیں سزا دلوانا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال 16 روزہ عالمی مہم کا مرکزی پیغام خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے اتحاد، متاثرین کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور ذمہ دار عناصر کا قانونی احتساب یقینی بنانا ہے۔ یہ مہم محض آگاہی سرگرمی نہیں بلکہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے اجتماعی عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی نوعیت کا تشدد ناقابل قبول ہے اور متاثرین کو خاموش رہنے کے بجائے بلا خوف انصاف کے حصول کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ضروری ہے جہاں ہر خاتون اور بچی خود کو محفوظ، بااختیار اور انصاف تک رسائی کے حوالے سے مطمئن محسوس کرے۔
تقریب سے سیکرٹری محکمہ ترقی نسواں شیر شاہ غلزئی، یو این ڈی پی بلوچستان کے سربراہ ذوالفقار درانی، یو این ایف پی اے بلوچستان کی سربراہ سعدیہ عطاء، ایف ڈی آئی پاکستان کی سربراہ عظمیٰ یعقوب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے اختتام پر صوبائی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے سماجی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔


Comments are closed.