بلوچستان میں شاہراہوں، سرکاری عمارتوں اور تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، شاہراہوں پر محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور سرکاری تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے مختلف اضلاع میں ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر لسبیلہ ڈویژن کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے ساتھ اجلاس میں قومی شاہراہ این-25 کی دو رویہ تعمیر، ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ، حادثات کی روک تھام اور حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ این-25 بلوچستان کی اہم تجارتی اور مواصلاتی گزرگاہ ہے، اس لیے اس کی دو رویہ تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ جاری اور مجوزہ منصوبوں میں معیار اور مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دی جائے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے تحصیل کچہری چمن میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت جاری مرمتی کاموں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ کام منظور شدہ منصوبہ بندی اور مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے تاکہ سائلین کو بہتر دفتری سہولیات میسر آسکیں۔
ادھر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت مارٹن ڈاؤ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سلویٰ زینب کے ساتھ اجلاس میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت کوئٹہ کے گرلز اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، مرمت اور تزئین و آرائش کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ تعلیمی افسران کو اسکولوں کا دورہ کرکے ضروری کاموں کی نشاندہی اور منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات بہتر بنانے اور طالبات کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔


Comments are closed.