عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
استنبول، 25 نومبر 2026ء: ڈی ایٹ آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن نے رکن ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مستقل ڈی ایٹ ہیلتھ ورکنگ گروپ کو فعال کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی شراکت داری اور پالیسی سطح پر رابطہ کاری کے ذریعے صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور قاہرہ وزارتی اعلامیے پر عمل درآمد کو آگے بڑھانا ہے۔

اس سلسلے میں ورکنگ گروپ کا افتتاحی اجلاس ورچوئل طور پر منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک، ڈی ایٹ سیکریٹریٹ اور ڈی ایٹ ہیلتھ اینڈ سوشل پروٹیکشن پروگرام کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں نومبر 2025ء میں قاہرہ میں منعقد ہونے والے پہلے ڈی ایٹ وزارتی اجلاس برائے صحت میں منظور کیے گئے صحت کے شعبے میں تعاون کے فریم ورک سے متعلق وزارتی اعلامیے پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ترکیہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و خارجہ امور ڈاکٹر عزیز الپر بیٹن نے کی۔ انہوں نے وزارتی سطح پر کیے گئے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ڈیجیٹل ہیلتھ، ادویہ اور طبی آلات کی نگرانی کے نظام اور طبی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے اپنا تجربہ، مہارت اور بہترین عملی طریقہ کار رکن ممالک کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
ڈی ایٹ کے سیکریٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے افتتاحی خطاب میں صحت کے شعبے میں تعاون کو انسانی سلامتی، معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے ترکیہ کے وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر کمال میمیش اوغلو کی جانب سے ڈی ایٹ ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کی حمایت کو سراہا اور 2027ء میں دوسرے ڈی ایٹ وزارتی اجلاس برائے صحت کی میزبانی کے لیے ترکیہ کے عزم کا خیرمقدم کیا۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ڈی ایٹ کے رکن ممالک ادویہ سازی، ویکسین، بائیوٹیکنالوجی، طبی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل صحت اور عوامی صحت کے نظام میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ تحقیق، ٹیکنالوجی شراکت داری، علم و تجربات کے تبادلے اور مشترکہ ترقی و پیداوار کے منصوبوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا تعاون علاقائی سطح پر صحت کے شعبے کی سپلائی چین کو مضبوط بنانے، خود انحصاری میں اضافے اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان جنوبی۔جنوبی تعاون کو مستحکم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد مستقل ہیلتھ ورکنگ گروپ کے قواعد و ضوابط اور دائرہ کار کو حتمی شکل دی گئی، جس میں تعاون کے پانچ بنیادی ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں صحت کے نظام اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری، ون ہیلتھ اور صحت کو لاحق ابھرتے ہوئے خطرات، آبادی کی صحت، صحت کے شعبے میں جدت اور ڈیجیٹل تبدیلی، جبکہ صحت کے شعبے میں تعاون اور پائیدار ترقی شامل ہیں۔
ورکنگ گروپ کے قواعد و ضوابط منظوری کے لیے 2027ء میں منعقد ہونے والے دوسرے ڈی ایٹ وزارتی اجلاس برائے صحت میں پیش کیے جائیں گے۔
اس موقع پر نائیجیریا کے شہر ابوجا میں قائم ڈی ایٹ ہیلتھ اینڈ سوشل پروٹیکشن پروگرام نے رکن ممالک کی صحت کے شعبے میں مہارت اور صلاحیتوں سے متعلق ابتدائی مطالعاتی رپورٹ بھی پیش کی۔ اس مطالعے کا مقصد رکن ممالک کی باہمی تکمیلی صلاحیتوں، تعاون میں موجود خلا اور ادارہ جاتی و صنعتی شراکت داری کے ممکنہ مواقع کی نشاندہی کرنا ہے۔
ورکنگ گروپ کے قیام کے بعد فوری طور پر آئندہ ہفتوں میں معلومات اور تجربات کے تبادلے کے لیے دو آن لائن سیمینارز منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پہلے سیمینار میں ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبے میں ترکیہ کے ای نبض (e-Nabız) تجربے سے استفادہ کیا جائے گا، جبکہ دوسرے سیمینار میں ادویات کی تیاری اور ترسیل کے نظام میں ٹریک اینڈ ٹریس ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ہیلتھ نگرانی کے پلیٹ فارمز پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ورکنگ گروپ 2027ء سے 2029ء تک کے لیے ڈی ایٹ ہیلتھ کوآپریشن ایکشن پلان تیار کرے گا، جس کا مقصد قاہرہ اعلامیے پر منظم انداز میں عمل درآمد اور رکن ممالک کے درمیان صحت کے شعبے میں مسلسل تعاون کے لیے عملی لائحہ عمل فراہم کرنا ہے۔
مستقل ہیلتھ ورکنگ گروپ کا فعال ہونا ڈی ایٹ کے صحت سے متعلق تعاون کے ایجنڈے کو عملی منصوبوں، ٹیکنالوجی شراکت داری اور پالیسی سطح پر رابطہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مستقل ادارہ جاتی طریقہ کار فراہم کرے گا۔
ڈی ایٹ تنظیم 2027ء میں اپنے قیام کی 30ویں سالگرہ منانے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنظیم شعبہ جاتی تعاون کو عملی نتائج سے منسلک کرنے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے، جبکہ صحت کا شعبہ صنعتی ترقی، جدت، معاشی استحکام اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم میدان بنتا جا رہا ہے۔


Comments are closed.