ایف بی آر میں کرپشن کی نشاندہی، اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، قیصر احمد شیخ

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 26 نومبر 2026: وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز، انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے شعبوں میں وسیع پیمانے پر کرپشن کے مسائل موجود ہیں، جن کے خاتمے کے لیے ادارے میں جامع اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ گزشتہ 26 سال سے کسٹمز اور انکم ٹیکس کے معاملات کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور کاروباری شعبے سے بھی طویل عرصے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپشن کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاحات کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں، تاہم ادارے کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی کمیٹی میں کام کے دوران انہیں کمیٹی سے ہٹا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں محصولات بڑھانے کی نمایاں گنجائش موجود ہے، لیکن کرپشن اور غیر منصفانہ طریقہ کار کے باعث ایمانداری سے کاروبار کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ غلط طریقوں سے کاروبار کرنے والے اپنے کاروبار کو وسعت دے رہے ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں پر بڑے کاروباروں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس کا بوجھ ہے۔ انہوں نے چھوٹے کاروباری افراد، تاجروں، صنعت کاروں اور کسانوں کو ٹیکس نظام میں سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چین اور جنوبی کوریا کی معاشی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے برآمدات اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ پاکستان اس رفتار سے ترقی نہیں کر سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے مؤثر اصلاحات، کرپشن کا خاتمہ اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

Web Desk

Comments are closed.