عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
استنبول: ڈی-8 تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے سیکریٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے عالمی حلال معیشت کے فروغ، رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات استنبول میں 25 سے 28 نومبر تک جاری 12ویں عالمی حلال سربراہی اجلاس اور حلال ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چار روزہ اجلاس کا انعقاد صدرِ ترکی رجب طیب اردوان کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے، جس کا موضوع ’’پائیدار حلال معیشت: ضیاع کا خاتمہ، ترقی کو بااختیار بنانا‘‘ ہے۔ اجلاس کا اہتمام اسلامی ممالک کے ادارہ برائے معیار و پیمائش، ڈسکور ایونٹس اور لوکمان حکیم یونیورسٹی نے کیا ہے۔



عالمی حلال صنعت کے اہم بین الاقوامی اجتماعات میں شامل اس سربراہی اجلاس میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں، بین الاقوامی اداروں، حلال سرٹیفکیشن اور ایکریڈیٹیشن کے حکام، صنعت و تجارت سے وابستہ شخصیات، ماہرین تعلیم اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے ترکی کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات سمیت مختلف ممالک اور بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔
سفیر سہیل محمود نے اجلاس کے بروقت اور مستقبل پر مبنی موضوع پر ترکی کی حکومت اور منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی اصولوں حلال و طیب اور اسراف سے اجتناب کی تعلیمات ایک ایسے اقتصادی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں جو تجارتی خوشحالی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ذمہ داری کو بھی یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی حلال معیشت میں اقتصادی ترقی، جدت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔ عالمی سطح پر خوراک کے ضیاع کی سنگینی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضیاع کا خاتمہ صرف ماحولیاتی ذمہ داری نہیں بلکہ اقتصادی ضرورت بھی ہے۔
ڈی-8 سیکریٹری جنرل نے ترکی کی خاتون اول امینہ اردوان کے اس خصوصی پیغام کا بھی حوالہ دیا جو انہوں نے انطالیہ میں کوپ 31 کے موقع پر ڈی-8 کے اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس برائے موسمیاتی اقدامات کو دیا تھا۔ پیغام میں خوراک کے ضیاع کی روک تھام، وسائل کے بہتر استعمال، تعلیم اور عوامی آگاہی میں اضافے کی اہمیت اجاگر کی گئی تھی۔ خاتون اول نے رکن ممالک کی ترجیحات کے مطابق ڈی-8 زیرو ویسٹ روڈ میپ تیار کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی تھی۔
سفیر سہیل محمود نے ڈی-8 موسمیاتی و ماحولیاتی تعاون کے لیے حال ہی میں منظور کیے گئے انطالیہ وزارتی ایکشن فریم ورک کا ذکر کرتے ہوئے عالمی زیرو ویسٹ تحریک میں تنظیم کے کردار کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حلال معیشت کو ڈی-8 کی تزویراتی ترجیحات میں بتدریج شامل کیا جا رہا ہے، جس کی مثال جولائی 2026 میں انڈونیشیا میں پہلے ڈی-8 حلال ایکسپو کا انعقاد ہے۔ انہوں نے ڈی-8 کی آئندہ چیئرمین شپ سنبھالنے والے انڈونیشیا کی جانب سے حلال معیشت کو ترجیح دینے اور ڈی-8 حلال معیشت تعاون سیکریٹریٹ قائم کرنے کی تجویز کا بھی خیرمقدم کیا۔
2030 تک ڈی-8 کے اندر باہمی تجارت کو 500 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے تناظر میں سیکریٹری جنرل نے مربوط ڈی-8 حلال تجارتی راہداری اور ڈیجیٹل حلال مارکیٹ پلیس و سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے قیام کی تجاویز دہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی-8 ترجیحی تجارتی معاہدے کے مؤثر استعمال اور اسلامی ممالک کے ادارہ برائے معیار و پیمائش کے ساتھ قریبی تعاون سے منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے بہاؤ، سپلائی چین کی کارکردگی اور صنعتی جدت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
سیکریٹری جنرل نے حلال معیشت میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے تین اہم ترجیحات بیان کیں، جن میں حلال معیار، سرٹیفکیشن اور باہمی شناخت کے انتظامات کو مضبوط بنانا؛ ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، وسائل کے مؤثر استعمال اور سرکلر اکانومی کے ذریعے پائیدار حلال ویلیو چینز کی ترقی؛ اور کاروباری اداروں، بالخصوص چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کے لیے سرمایہ کاری اور اسلامی مالیات کو متحرک کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے سرٹیفکیشن سے آگے بڑھ کر اقتصادی قدر پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی کاروباری اور سرمایہ کاری برادری سے اپیل کی کہ وہ عالمی حلال معیشت کے مواقع کو قابلِ عمل تجارتی شراکت داری اور ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کریں۔
سفیر سہیل محمود نے ڈی-8 کی جانب سے رکن ممالک، بین الاقوامی شراکت داروں اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ، مضبوط، جامع اور پائیدار عالمی حلال معیشت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
افتتاحی تقریب کے بعد ڈی-8 سیکریٹری جنرل اور وفد کے ارکان نے حلال ایکسپو 2026 کے مختلف نمائش اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں شریک ممالک کی حلال مصنوعات، خدمات اور جدید ٹیکنالوجی و جدت کے نمونے پیش کیے گئے۔
اجلاس اور نمائش میں ڈی-8 سیکریٹری جنرل کی شرکت عالمی شراکت داری مضبوط بنانے، رکن ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے اور عالمی حلال معیشت کو پائیدار اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مؤثر ذریعہ بنانے کے تنظیمی عزم کی عکاس ہے۔


Comments are closed.