بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کا پاکستان کا پہلا دورہ، پارلیمانی سفارت کاری کے نئے امکانات روشن، وزیراعظم شہباز شریف کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

0

 

اسلام آباد۔26نومبر  :بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کا پاکستان کا پہلا دورہ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کا 23 سے 29 نومبر تک جاری دورہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے، اقتصادی و ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنگلہ دیشی وفد کا استقبال اور پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ تبادلوں پر زور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مستقبل بنیاد شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔وزیراعظم نے وزیراعظم ہائوس میں بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس کے دوران انہوں نے ادارہ جاتی تعاون، پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ عشائیہ بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد کے سرکاری دورے کا اہم حصہ تھا جو دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ، ثقافتی مماثلتوں اور دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر باہمی روابط کو نئی جہت دینے کے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیشی سپیکر اور وفد کے ارکان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔مشترکہ تاریخی اور ثقافتی روابط کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ ان دیرینہ تعلقات کو مضبوط ادارہ جاتی شراکت داری اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی روابط میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی وفد کی پاکستان میں وسیع تر مصروفیات پارلیمانی شعبے میں تعاون کے نمایاں امکانات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان باقاعدہ تبادلے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ دورے کے دوران بنگلہ دیشی سپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری کے ایک نئے باب کے آغاز کے حوالے سے متعدد سرکاری ملاقاتیں کیں۔ بنگلہ دیشی سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو پارلیمانی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے باہمی تعاون کے وسیع امکانات کے حامل شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے زراعت، صنعت، غذائی تحفظ، قدرتی آفات سے نمٹنے کے انتظامات، ڈیجیٹل گورننس، خلائی تحقیق اور دفاع کو اہم شعبے قرار دیا۔انہوں نے تعلیم، تجارت، ثقافت اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں سمیت دوطرفہ روابط میں نئی پیش رفت کا بھی ذکر کیا۔ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق، جنہوں نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی، نے وفد کی آمد کو پارلیمانی تعلقات میں ایک نئے آغاز سے تعبیر کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیشی سپیکر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی اور ثقافتی روابط باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ دورے کے ایک حصے کے طور پر بنگلہ دیشی سپیکر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ بھی کیا جہاں اکیڈمی کے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل افتخار حسن چوہدری نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر حافظ الدین احمد نے پاک فوج میں اپنی سابقہ خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اکیڈمی میں گزارے گئے ایام کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں گزارا گیا وقت ان کے لیے دیرپا نقوش چھوڑ گیا ہے۔ اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ادارہ جاتی ورثے اور پیشہ ورانہ روابط کو اجاگر کیا۔بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کے سرکاری دورے میں لاہور اور کراچی میں مصروفیات بھی شامل ہیں۔

LOGNO: 463
11/26/2026
10:06:10 PM

Web Desk

Comments are closed.