عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پشاور میں تین انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 676.8 کلوگرام منشیات برآمد کرکے بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ برآمد ہونے والی منشیات میں 660 کلوگرام چرس اور 16.8 کلوگرام افیون شامل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان منشیات پشاور سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی رنگ روڈ پر موٹروے چوک کے قریب کی گئی، جہاں ایک آئل ٹینکر کو روک کر تلاشی لی گئی۔ ٹینکر کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 270 کلوگرام چرس برآمد کرکے ٹرک ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔




گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دوسری کارروائی رنگ روڈ پشاور پر کی گئی، جہاں ایک کار سے 286.8 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 270 کلوگرام چرس اور 16.8 کلوگرام افیون شامل تھی۔ کارروائی کے دوران افغان شہری عتیق اللہ کو گرفتار کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عتیق اللہ بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا سرغنہ ہے اور اے این ایف کو منشیات کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے مبینہ طور پر جعلسازی کے ذریعے پاکستانی قومی شناختی کارڈ حاصل کر رکھا تھا۔
گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران ایک اور ساتھی کی نشاندہی ہوئی جو منشیات کی بھاری مقدار منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس اطلاع پر اے این ایف نے یونیورسٹی روڈ پشاور پر ایک ایس یو وی گاڑی کو روک کر تلاشی لی اور گاڑی کی ڈگی سے 120 کلوگرام چرس برآمد کرکے تیسرے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے باہمی روابط سے ایک منظم بین الصوبائی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے، جو خیبرپختونخوا سے پنجاب اور سندھ تک منشیات کی ترسیل میں ملوث ہے۔
تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی بنیاد پر نیٹ ورک کے دیگر ارکان، مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
اے این ایف نے کہا ہے کہ ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے اور نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں اور مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے گی۔ فورس نے منشیات سے پاک پاکستان کے قومی ہدف کے حصول اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments are closed.