عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ اتحاد برائے دفاع کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر تینوں ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
یہ عزم جمعہ کو اسٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم سے سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
سعودی وفد کی قیادت وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کی، جبکہ اس میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی شامل تھے۔
ترکیہ کی نمائندگی وزیر خارجہ حاکان فیدان، وزیر دفاع یشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائراکتاراوغلو نے کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں ممالک کے درمیان اتحاد اور اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے مشترکہ عزم کو سراہا۔ انہوں نے اسٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات میں تینوں ممالک کے نمائندوں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔


Comments are closed.