عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے امن و امان، شہری حقوق کے تحفظ اور عوام کی جان و مال کے تحفظ سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جس میں تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
قرارداد میں عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
نو منتخب اسمبلی نے موجودہ انتظامی ڈھانچہ برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پُرامن احتجاج، سیاسی سرگرمیاں اور اختلافِ رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہیں۔
قرارداد میں کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح گروہوں کی پُرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی اور راولاکوٹ سمیت متاثرہ علاقوں میں راستوں کی بندش کے باعث علاج معالجے، تعلیم اور خوراک کی ترسیل متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد کے مطابق 6 جون سے مختلف واقعات میں 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسمبلی نے کہا کہ حکومت نے عوام کے جائز مطالبات کے حل کے لیے متعدد مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد بھی کیا۔ سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی اور انتخابات میں شرکت کی پیشکش کی گئی، تاہم کالعدم کمیٹی کی قیادت نے ان تجاویز کو مسترد کردیا۔ آئینی معاملات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی قبول نہیں کی گئی۔
قرارداد میں واضح کیا گیا کہ کسی مسلح گروہ کو طاقت کے ذریعے راستے بند کرنے کا حق حاصل نہیں۔ اسمبلی نے بند راستے فوری کھولنے، شہریوں کو بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دینے، مسلح گروہوں کے خاتمے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔


Comments are closed.