اے این ایف کی ملک گیر کارروائیاں تیز، مگر منشیات مقدمات میں فوری سزاؤں اور سخت نگرانی کی ضرورت

18

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 3 فروری 2026 — اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے پانچ کامیاب آپریشنز کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 22.7 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مجموعی مالیت 19 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
اے این ایف کے مطابق فتح جنگ انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ فیصل آباد میں چک 196 کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 7.2 کلوگرام جبکہ جوہر کالونی کے علاقے میں ایک اور موٹر سائیکل سوار سے 1.6 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔ سیالکوٹ میں ڈسکہ روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس میں پارسل کے اندر الیکٹرک ہیٹر میں چھپائی گئی ایک کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح ضلع اٹک کے علاقے برہان میں جی ٹی روڈ کے قریب سیمنٹ سے لوڈڈ ٹرک سے 400 گرام آئس اور 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔
تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی اور قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کامیاب برآمدگیوں کے ساتھ ساتھ منشیات کے مقدمات کو تیزی سے منطقی انجام تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سست عدالتی کارروائیاں اور کمزور سزائیں اسمگلرز کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع دیتی ہیں۔ ماہرین نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف مزید سخت اقدامات، فوری ٹرائلز، سخت سزاؤں اور ٹرانسپورٹ و کوریئر نیٹ ورکس کی کڑی نگرانی پر زور دیا ہے تاکہ اس سنگین خطرے کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔

Web Desk

Comments are closed.