بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بی آئی ٹی ای 2026ء اہم پلیٹ فارم ہوگا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا وژن بلوچستان کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے۔
انہوں نے یہ بات بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (بی آئی ٹی ای 2026ء) کے سلسلے میں صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے اعزاز میں منعقدہ نیٹ ورکنگ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد، وزیراعلیٰ کے پریس سیکریٹری شیخ عبدالرازق اور سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کی سرمایہ کاری کی استعداد، مواقع اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ذمہ دارانہ صحافت اور ذرائع ابلاغ کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کوئٹہ، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے بلال خان کاکڑ کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ٹی ای 2026ء کا ایک اہم پہلو ’’میڈ اِن بلوچستان‘‘ ہوگا، جس کے ذریعے مقامی صنعت کاروں، کاروباری افراد، چھوٹے کاشتکاروں اور ہنرمند دستکاروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کاروباری صحافت کے فروغ اور نوجوان صحافیوں کو معاشی رپورٹنگ کے جدید رجحانات سے روشناس کرانے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کرنے کی تجویز بھی دی۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی نمائش مقامی کاروباری اداروں اور مصنوعات تیار کرنے والوں کو ملکی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرے گی۔ اس میں ملک بھر سے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں اور خود روزگاری کے رجحان کو فروغ دے گی۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ بی آئی ٹی ای 2026ء کے بعد بلوچستان ڈیجیٹل ایکسپو منعقد کی جائے گی، جس میں گزشتہ ڈھائی برس کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ڈیجیٹلائزیشن کی کوششوں اور اصلاحات کو اجاگر کیا جائے گا۔
بلال خان کاکڑ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی کوششوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی محکموں میں 25 ہزار ملازمتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 5 ہزار 500 امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو تقرری کے آفر لیٹرز جاری کیے جائیں گے۔
منظور احمد نے نمائش کی میڈیا کوریج کے لیے منتظمین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ سینئر صحافی رضا الرحمٰن نے اسے صوبے کی معاشی ترقی کے لیے اہم موقع قرار دیا۔


Comments are closed.