عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 17 نومبر: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے اور کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام سے رجوع کرنے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔ نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اچھی حکمرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود تمام حکومتوں کے مشترکہ اہداف ہیں، جبکہ عوام مؤثر اور جوابدہ طرز حکمرانی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس اور صوبائی انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے جاری بحث کو دبایا نہیں جانا چاہیے، کیونکہ عوام کو اپنے مفادات اور ملکی انتظامی ڈھانچے سے متعلق امور پر رائے دینے کا حق حاصل ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کیا چاہتے ہیں، اس کا فیصلہ سیاسی رہنماؤں کے بجائے خود عوام کو کرنا چاہیے۔ ہم کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ رہے ہیں، اس لیے کوئی بھی سیاسی فریق موجودہ نظام کی کمزوریوں سے خود کو مکمل طور پر الگ نہیں کر سکتا۔ سیاست کی آڑ میں احتساب سے بچنے کی کوشش قانون اور عوام دونوں کے نزدیک ناقابل قبول ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں اصلاحات بھی ان لوگوں نے کی ہیں جو آج اس کی خامیوں کا ذمہ دار اسی ادارے کو ٹھہرا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بعض سیاسی جماعتوں کے بیک وقت حکومتی عہدوں اور مراعات سے مستفید ہونے اور خود کو اپوزیشن کے طور پر پیش کرنے کو بھی تضاد قرار دیا۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبے چاہتے ہیں تو بنائے جائیں، بصورت دیگر ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے عوام کی وجہ سے ہیں اور انہیں عوام کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے۔ ماضی میں ریفرنڈم کے غلط استعمال کو بنیاد بنا کر عوام کو اپنے آئینی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی رائے معلوم کیے بغیر کوئی فرد اپنی ذاتی سوچ یا ایجنڈا ان پر مسلط نہیں کر سکتا۔
عطاء اللہ تارڑ نے اتحادی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ باہمی مشاورت کے ذریعے قومی مفاد میں ایسا فیصلہ کریں جس میں عوامی رائے اور فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پارلیمان کے اندر اور باہر بحث جاری رہنی چاہیے اور تمام متعلقہ فریقوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت میڈیا سے وابستہ افراد کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور یہ کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کے استحصال سے متعلق سامنے آنے والے واقعات کا نوٹس لے اور ان کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جاری بحث سے عوامی رائے کو دبانے کا تاثر نہیں جانا چاہیے اور تمام معاملات میں عوام کے مفادات اور خواہشات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔


Comments are closed.