عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
مظفرآباد، 18 نومبر: صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مسلسل تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے فعال کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور انداز میں عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وفاقی وزرا احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، سینیٹر پرویز رشید، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، رکن آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔


Comments are closed.