خیبرپختونخوا میں غیر ملکی معاونت سے 58 ترقیاتی منصوبے جاری، گورنر کی تکمیل تیز کرنے کی ہدایت

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 18 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غیر ملکی مالی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گورنر کی زیرِ صدارت اجلاس میں ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، جرمن ترقیاتی بینک اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے جاری، مکمل اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی عثمان سیف اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی اسلام زیب سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں غیر ملکی مالی معاونت سے مجموعی طور پر 58 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن میں 11 مکمل، 34 زیرِ تکمیل جبکہ 13 نئے منصوبے شامل ہیں۔

بریفنگ میں صحت، تعلیم، خزانہ، آبپاشی، زراعت، پن بجلی اور سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے سیاحتی مقام کمراٹ تک سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر خصوصی توجہ دینے اور 300 میگاواٹ کے بالاکوٹ پن بجلی منصوبے سمیت تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ، صاف توانائی کی پیداوار اور سیاحتی مقامات تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔

گورنر نے تمام منصوبوں میں معیار، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مالی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

Web Desk

Comments are closed.