خیبرپختونخوا میں تعلیم کے لیے 5.37 ارب روپے کے منصوبے، جامعات کے مالی بحران کا جائزہ

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 18 نومبر: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تعلیمی نظام میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، اساتذہ کی تربیت، اسکولوں کی بحالی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے 5 ارب 37 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں سمیت جامع اقدامات کا خاکہ پیش کیا ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔

بریفنگ میں مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، مختلف محکموں کے مشیران، سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گورنر کو صوبے کے تعلیمی نظام کی صورتحال، انتظامی اصلاحات، مالی نظم و ضبط، تعلیمی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔

صوبے کے 34 ہزار 848 سرکاری اسکولوں میں 59 لاکھ 60 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار 159 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی 44 ہزار 747 آسامیاں خالی ہیں، جن میں ضم شدہ اضلاع کی 8 ہزار 837 آسامیاں شامل ہیں۔ اساتذہ کی منصفانہ تقسیم اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے ای ٹرانسفر پالیسی پر نظرثانی کی گئی ہے، جبکہ 1,185 تبادلوں کی درخواستیں بھی متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی ہیں۔

اساتذہ کی تربیت، جوابدہی اور تدریسی معیار بہتر بنانے کے لیے 100 روزہ تربیتی منصوبہ منظور کیا گیا ہے، جس کی حاضری ای ایم آئی ایس کے ذریعے ریئل ٹائم بنیادوں پر مانیٹر کی جا رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل کے لیے 100 اور 180 روزہ ایکشن پلان بھی مرتب کیے گئے ہیں۔

100 روزہ منصوبے کے تحت 46 منصوبوں کے لیے ایک ارب 22 کروڑ روپے جبکہ 180 روزہ پروگرام کے تحت 32 منصوبوں کے لیے 4 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 78 منصوبوں کے لیے 5 ارب 37 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔ ان منصوبوں میں 424 اسکولوں کی سولرائزیشن، 15 مڈل اور ہائی اسکولوں کو ماڈل اسکولوں میں تبدیل کرنا، آئی ٹی لیبارٹریز کا قیام، طالبات کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور 500 تعلیمی انٹرنز متعارف کرانا شامل ہے۔

غیر فعال اسکولوں کی بحالی، اسکولوں کی ریشنلائزیشن اور دوسرے مرحلے میں 1,500 اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے۔ 12 ترجیحی اضلاع میں داخلہ مہم کے ذریعے تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں لانے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور غیر محفوظ عمارتوں کے مسائل حل کرنے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

180 روزہ منصوبے میں ضم شدہ اضلاع میں اساتذہ کی تربیت، فنی اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ، ڈوگر میں ای اسکل ہب، درازندہ میں فنی تربیتی کورسز، یوتھ ہبز کا قیام، سرکاری کالج سام کی اپ گریڈیشن اور مختلف اضلاع میں اسکولوں و آڈیٹوریمز کی بہتری شامل ہے۔ ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے 331 آئی ٹی لیبارٹری والے اسکولوں کو جی وی ایس سے منسلک کرنے اور 500 سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل کلاس رومز کے قیام کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں صوبے کی 34 سرکاری جامعات و اداروں میں ایک لاکھ 60 ہزار 587 طلبہ جبکہ 388 سرکاری کالجوں میں 2 لاکھ 80 ہزار 777 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ حکام کے مطابق 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں، جبکہ 14 جامعات کا مجموعی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔ جامعات کی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 18 ارب روپے کی معاونت طلب کی گئی ہے۔

جامعات کے مالی امور، گورننس اور وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ سرکاری کالجوں میں بھرتیوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے، اسکالرشپ پورٹل کی تیاری، لائبریری وسائل کی ڈیجیٹلائزیشن اور طلبہ کی سہولت کے لیے لائبریریوں کے اوقات میں اضافہ بھی اصلاحاتی اقدامات کا حصہ ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری جامعات کے 240 شعبہ جات میں طلبہ کی تعداد 100 سے کم ہے، جبکہ 208 شعبہ جات میں گزشتہ تین سال کے دوران کوئی تحقیقی اشاعت سامنے نہیں آئی۔ جامعات کے تحقیقی اداروں اور سرحد چیمبر آف کامرس کے درمیان رابطہ کاری شروع کی گئی ہے، تاکہ تحقیق کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرکے طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔

اعلیٰ تعلیم کے 100 اور 180 روزہ منصوبوں کے تحت ایک ارب 7 کروڑ 60 لاکھ روپے کے اقدامات میں طالبات کی تعلیم تک رسائی، شہری شعور، ادبی سرگرمیوں، 124 سرکاری کالجوں کے لیے جدید مشینری و لیبارٹری آلات اور 40 یونیورسٹی ہاسٹلز کی بہتری شامل ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی منصوبوں کے تحت تعلیم، آئی ٹی اور اسکلز ڈویلپمنٹ کے 11 منصوبوں کے لیے 16 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سات دانش اسکول، چار اضلاع میں ڈیجیٹل لائبریریاں، ڈی آئی خان میں آئی ٹی پارک کی اپ گریڈیشن اور نوجوانوں کی فنی تربیت شامل ہے۔

مزید برآں زرعی تعلیم کے لیے چین میں 100 اسکالرشپس، 2 ہزار طلبہ کی آئی ٹی و فنی تربیت اور 300 افراد کے لیے بیرون ملک تربیت و روزگار کے مواقع بھی منصوبوں میں شامل ہیں۔

دوسری جانب گورنر فیصل کریم کنڈی نے 2027 کے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے پشاور میں مقابلوں کے انعقاد سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی۔ مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ، سیکرٹری کھیل محمد آصف، ڈائریکٹر جنرل کھیل واصل خان اور دیگر حکام نے انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ دی۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ساؤتھ ایشین گیمز کے مقابلوں کا انعقاد صوبے کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کے لیے بھرپور سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی اور کھیلوں کے شعبوں میں اصلاحات، میرٹ، شفافیت، جوابدہی، وسائل کے مؤثر استعمال اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.