عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 19 نومبر: پاکستان نے مہلک خودکار ہتھیاروں کے نظام کی مؤثر بین الاقوامی ضابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر منظم مسابقت علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے خطرات پیدا کر سکتی ہے، خصوصاً جنوبی ایشیا جیسے حساس خطے میں جہاں بحران تیزی سے جنم لیتے ہیں اور فیصلوں کے لیے وقت محدود ہوتا ہے۔
سفیر طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ مہلک خودکار ہتھیاروں کے نظام میں غیر منظم مسابقت مہنگی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی، خاص طور پر جنوبی ایشیا جیسے خطے میں جہاں پیشگی انتباہ کا وقت کم اور بحران تیزی سے شدت اختیار کرتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے زیر اہتمام سسٹین ایبل پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (سپاڈو) کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار کے شرکاء کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ سیمینار میں اسٹریٹجک امور کے ماہرین، ماہرین تعلیم اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔
سفیر طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان 2013 سے مہلک خودکار ہتھیاروں کے معاملے پر عالمی سطح پر فعال کردار ادا کر رہا ہے، جب بہت کم ممالک اس مسئلے پر توجہ دے رہے تھے۔ پاکستان ایسے ہتھیاروں کی ضابطہ کاری اور مؤثر نگرانی کا مطالبہ کرتا رہا ہے جن میں طاقت کے استعمال سے متعلق فیصلے انسانوں سے مشینوں کو منتقل ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ہتھیاروں سے پیدا ہونے والے انسانی خطرات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی سلامتی و استحکام پر ان کے اثرات کو بھی مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے۔
سیمینار میں مہلک خودکار ہتھیاروں کے خلاف عالمی تحریک کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سپاڈو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رضا شاہ خان نے کہا کہ یہ ہتھیار مصنوعی ذہانت کے ذریعے انسانی مداخلت کے بغیر اہداف کی شناخت، انتخاب اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے شہری اور فوجی اہداف میں تمیز کرنے کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال اور مہلک خودکار ہتھیاروں پر پابندی کے لیے عالمی مہم کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
کیمپین ٹو اسٹاپ کلر روبوٹس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وین روئیجن نے مہلک خودکار ہتھیاروں کے حوالے سے عالمی سطح پر ہونے والی مشاورت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندگی اور موت کے فیصلے مشینوں کے سپرد کرنے سے بنیادی اخلاقی سوالات جنم لیتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے دیرینہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خودکار ہتھیاروں کے نظام سے متعلق کنونشن آن کرٹین کنونشنل ویپنز (سی سی ڈبلیو) کے تحت چھٹے پروٹوکول کی تیاری کے لیے پاکستان کی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں، جس کا مقصد بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور مسلح تنازعات کے دوران شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
ایئر یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈین فیکلٹی آف ایرو اسپیس اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز ڈاکٹر عادل سلطان نے مستقبل کی جنگوں میں مصنوعی ذہانت، سائبر اور کوانٹم ٹیکنالوجیز کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روایتی اور جوہری کارروائیوں کے درمیان ممکنہ الجھاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کی نشاندہی کی۔
انہوں نے موجودہ اسلحہ کنٹرول نظام کی حدود، جدید فوجی ٹیکنالوجیز کے لیے جامع بین الاقوامی معاہدے کی عدم موجودگی اور تکنیکی ترقی و اسلحہ کنٹرول مذاکرات کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کو بھی اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور قابل موافقت تصدیقی نظام کی ضرورت ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کی پروفیسر ڈاکٹر رضوانہ عباسی نے فوجی مصنوعی ذہانت اور مہلک خودکار ہتھیاروں کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے ہتھیاروں کے نظام میں خودمختاری کی سطح اور دائرہ کار کی اہمیت بیان کی۔
انہوں نے رفتار، ہم آہنگی اور کارکردگی کے حوالے سے ان ہتھیاروں کے ممکنہ فوائد تسلیم کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ان کے استعمال سے حادثاتی کشیدگی، غلط اندازوں اور فیصلہ سازی کے لیے دستیاب وقت میں کمی جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں، جس سے سفارتی کوششوں کی گنجائش محدود ہو سکتی ہے۔
آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے کہا کہ فوجی ٹیکنالوجی میں پیش رفت تاریخی طور پر بین الاقوامی ضابطہ کاری کی کوششوں سے آگے رہی ہے اور خودکار ہتھیاروں کے نظام بھی موجودہ اسلحہ کنٹرول معاہدوں کی حدود کو نمایاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشینوں کی جانب سے آزادانہ طور پر مہلک فیصلے کرنے کے بڑھتے ہوئے امکانات انسانی، قانونی، اخلاقی اور سلامتی سے متعلق سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں، خصوصاً شہریوں کے تحفظ اور ذمہ داروں کے تعین کے حوالے سے۔
اپنے ابتدائی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر ملک قاسم مصطفیٰ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو ہتھیاروں میں استعمال کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان جنگ کے طریقوں کو تبدیل کر رہا ہے اور سلامتی کے نئے پیچیدہ چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے جنوبی ایشیا کے تناظر میں مئی 2025 کے تنازع کے بعد بھارت کی جانب سے خودکار ہتھیاروں کے نظام کی تیز رفتار ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت غیر رابطہ جنگ کی تیاریوں کا حصہ ہے اور علاقائی سلامتی کے خدشات میں اضافہ کر رہی ہے۔
اختتامی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سفیر خالد محمود نے مہلک خودکار ہتھیاروں کے حوالے سے قانونی طور پر مستحکم اور عملی طور پر مؤثر بین الاقوامی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیش رفت کا انحصار ریاستوں کی اس آمادگی پر ہے کہ وہ مشترکہ خدشات کو بامعنی بین الاقوامی وعدوں میں تبدیل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ تکنیکی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ انسانی ذمہ داری کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔


Comments are closed.