پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، پاکستانی تجارتی وفد دسمبر میں مالدیپ جائے گا

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 19 نومبر 2026: پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی قیادت میں پاکستانی سرکاری حکام اور کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد دسمبر میں مالدیپ کا دورہ کرے گا۔

وفد کا دورہ دسمبر کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں متوقع ہے، تاہم حتمی تاریخ مالدیپ کی جانب سے توثیق کے بعد طے کی جائے گی۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ و تجارت محمد سعید کے درمیان ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور سیکریٹری تجارت جواد پال نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس کے امکانات کا جائزہ لینے اور مالدیپ کو پاکستان سے ضروری اشیا کی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔

یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے حوالے سے طے پانے والے اتفاق کی روشنی میں سامنے آئی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستانی وفد جلد مالدیپ کا دورہ کرے گا تاکہ صدر محمد معزو کے حالیہ دورۂ پاکستان کے نتائج کو عملی شکل دی جا سکے۔

مالدیپ کے وزیر محمد سعید نے پاکستانی تجارتی وفد کے دورے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے براہِ راست بحری رابطے اور پاکستان سے ضروری اشیا کی درآمدات کو مالدیپ کی فوری ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بحری راستے کی تجارتی افادیت کا تعین کرنے کے لیے مال برداری کی نوعیت اور دستیاب سامان کی مقدار کا جائزہ ضروری ہوگا۔

دونوں ممالک نے تعمیراتی سامان، چاول، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور ٹیکسٹائل کو دوطرفہ تجارت کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ پاکستان کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے مال برداری کا مناسب حجم دستیاب ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے بندرگاہوں، ماہی گیری اور بحری تربیت کے شعبوں میں بھی باہمی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی۔

وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ براہِ راست بحری رابطے سے تعمیراتی سامان اور مالدیپ کے ہوٹلوں و سیاحتی شعبے کے لیے درکار اشیا کی تجارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کے لیے بھی مالدیپ کی منڈی میں برآمدات کے امکانات کو اجاگر کیا۔

جام کمال خان نے تجویز دی کہ پاکستانی وفد کے دورے سے قبل پاکستانی سپلائرز اور مالدیپ کے خریداروں کے درمیان ورچوئل ملاقات منعقد کی جائے تاکہ دونوں ممالک کے کاروباری حلقے ممکنہ تجارتی مواقع اور مطلوبہ مصنوعات کی نشاندہی کر سکیں۔

انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپس میں سرکاری حکام، تکنیکی ماہرین اور نجی شعبے کے نمائندوں کو شامل کرنے، ہر گروپ کے لیے رابطہ افسر مقرر کرنے اور کام کی تکمیل کے لیے واضح مدت متعین کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

ان ورکنگ گروپس کو تجارتی اور نقل و حمل کی رکاوٹوں کی نشاندہی، تجارتی امکانات کا جائزہ لینے اور اپنی سفارشات وزارتی سطح پر پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور پاکستان کی جانب سے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Web Desk

Comments are closed.