بلوچستان میں گھر بیٹھے مفت طبی سہولیات کے لیے ڈیجیٹل نظام صحت دہلیز پر بریفنگ

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی و قائم مقام گورنر بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشی ایٹو کے جدید ڈیجیٹل نظام صحت دہلیز کے حوالے سے اراکین اسمبلی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، اراکین اسمبلی اور سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے شرکت کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ایچ آئی بلوچستان ڈاکٹر ایم بی راجہ دہریجو نے منصوبے کے اغراض و مقاصد اور طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صحت دہلیز کے ذریعے شہریوں کو 24 گھنٹے مفت ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے تحت مستند ڈاکٹروں اور مختلف امراض کے ماہرین سے گھر بیٹھے طبی مشاورت حاصل کی جا سکے گی۔ منصوبے میں طبی مشاورت، ڈیجیٹل نسخے کا اجرا، ضرورت کے مطابق مریضوں کو ہسپتالوں میں بھیجنے اور ادویات کی فراہمی شامل ہے۔

حکام کے مطابق دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں سیٹلائٹ نظام کے ذریعے بھی ڈاکٹروں سے رابطے اور طبی مشاورت ممکن بنائی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ یہ منصوبہ خصوصاً دیہی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ ابتدائی طور پر آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی و قائم مقام گورنر نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مریضوں کو ہسپتالوں میں ریفر کرنے کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طبی مشاورت اور نسخے کے اجرا کے ساتھ مریضوں کو ضرورت کے مطابق بروقت علاج، مناسب ریفرل اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔

Web Desk

Comments are closed.