عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام عوامی رائے کی بنیاد پر ہونا چاہیے اور اس حوالے سے لوگوں کے خیالات جاننے کے لیے ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہوں تو اس تجویز پر عمل ہونا چاہیے، تاہم عوامی مخالفت کی صورت میں اسے آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کرانے میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ آئین میں قومی اہمیت اور عوامی مفاد کے معاملات پر ریفرنڈم کی واضح گنجائش موجود ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے اور عوامی رائے سامنے آنے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
گوجرانوالہ کے دورے سے متعلق الیکشن کمیشن میں سماعت کے بارے میں سوال پر وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر اپنے آبائی شہر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ تقریب میں کسی انتخابی امیدوار نے شرکت نہیں کی تھی اور انہیں دعوت انتخابی شیڈول کے اعلان سے پہلے موصول ہوئی تھی۔ ان کے مطابق بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ان کے ساتھی بھی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی مفاہمت اور اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت پر غور کیا گیا۔


Comments are closed.