مصنوعی ذہانت کے جنگی استعمال پر مؤثر عالمی قانون سازی ناگزیر ہے، چیف جسٹس آزاد کشمیر

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

لندن (22 نومبر 2026): چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ جنگوں میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے انسانی جانوں اور بنیادی حقوق کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اس لیے خودکار ہتھیاروں کے حوالے سے مؤثر بین الاقوامی قانون سازی اور انسانی نگرانی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا، ہاؤس آف لارڈز لندن میں منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کا موضوع ’’مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق‘‘ تھا، جس کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا جبکہ میزبانی لارڈ برینن کے سی نے کی۔ اس میں برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان، لارڈز، قانونی ماہرین، جامعات کے اساتذہ اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اہداف کے تعین اور خودکار ہتھیاروں کے استعمال سے عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگی قوانین کے بنیادی اصول، خصوصاً امتیاز، تناسب اور جوابدہی، مصنوعی ذہانت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے مثبت استعمال کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس کے جنگی استعمال کو مؤثر قانونی ضابطوں کا پابند بنانا ضروری ہے۔

جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 47 کا حوالہ دیتے ہوئے مسئلہ جموں و کشمیر اور وہاں انسانی حقوق کی صورت حال بھی عالمی برادری کے سامنے اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کا معاملہ عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خودکار ہتھیاروں کے حوالے سے ایک مؤثر اور پابند بین الاقوامی معاہدہ تشکیل دیا جائے، انسانی جان لینے کے فیصلوں میں بامعنی انسانی نگرانی یقینی بنائی جائے اور ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی قانونی جوابدہی کے دائرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی خادم ہونی چاہیے، اس کی حاکم نہیں۔

سیمینار کے اختتام پر چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر اور دی وزڈم ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز گراہم سوپر کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

دورہ برطانیہ کے دوران چیف جسٹس نے بیرسٹر قمر بلال کے ہمراہ تاریخی قانونی ادارے لنکنز اِن کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اسی ادارے سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور بار ایٹ لاء کی سند حاصل کی، جس کے باعث لنکنز اِن کو پاکستان اور برطانیہ کے قانونی روابط میں تاریخی اہمیت حاصل ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلق انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے۔ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور برطانیہ کی قانونی برادری کے درمیان علمی اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔

اس موقع پر بیرسٹر قمر بلال نے کہا کہ چیف جسٹس کی بین الاقوامی سیمینار میں شرکت نے آزاد کشمیر کی عدلیہ کی عالمی سطح پر نمائندگی اور انسانی حقوق، بین الاقوامی قانون اور جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق اہم امور کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا۔

Web Desk

Comments are closed.