حسین نقی کے انتقال سے صحافت ایک بااصول اور مدبر صحافی سے محروم ہوگئی، وزیراعلیٰ بلوچستان

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 22 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور معاون وزیر اعلیٰ برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سینئر صحافی اور جمہوری اقدار کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے الگ الگ تعزیتی بیانات میں انہوں نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت ایک تجربہ کار، بااصول اور مدبر صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے جدوجہد کی اور پیشہ ورانہ دیانت داری، اصول پسندی اور صحافتی وابستگی کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات اور آزادی اظہار کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، جبکہ ان کا انتقال صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور شاہد رند نے مرحوم کے اہل خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔

Web Desk

Comments are closed.