مریم نواز کا پنجاب میں مزید 5 ہزار گرین بسیں چلانے اور گھروں کی تعداد 5 لاکھ کرنے کا اعلان

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

راولپنڈی، 24 نومبر: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں مزید 5 ہزار گرین بسیں چلانے اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت گھروں کی تعداد بڑھا کر 5 لاکھ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے ایک ہزار دنوں میں پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ انہوں نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں نئے ہاسٹل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کے بارہویں مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں پنجاب کی 150 تحصیلوں میں تقریباً 3 ہزار گرین بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ راولپنڈی میں 80 مزید بسیں متعارف کرائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہزار دنوں کے دوران اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ تک گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں تقریباً 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر اور بحال کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں 1100 گرین بسیں چل رہی ہیں اور عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مزید 5 ہزار بسیں شامل کی جائیں گی۔ خواتین، طلبہ اور بزرگ شہری گرین بسوں میں مفت سفر کر رہے ہیں، جبکہ دیگر مسافروں کے لیے کرایہ 20 روپے برقرار رکھا گیا ہے۔ بسوں میں مفت وائی فائی اور موبائل چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ ترقیاتی سہولتیں صرف بڑے شہروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ہر شہر اور تحصیل کو یکساں اہمیت دی جائے۔ مختلف شہروں میں یکساں طرز کے بس اسٹاپ بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 2 لاکھ افراد صفائی کے نظام سے وابستہ ہیں، جو شہروں، دیہات، محلوں اور سڑکوں کی صفائی پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھی اسی طرز کے صفائی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں ہزاروں ٹن شہری فضلے کو توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے پاور پلانٹس قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت سیوریج، نکاسی آب اور ڈسپوزل سسٹم پر 500 ارب روپے خرچ کر رہی ہے، جبکہ بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل دو گھنٹوں میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے 24 ہزار دیہات میں سے 3 ہزار کو ماڈل گاؤں کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے۔

صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ ایک ہزار دنوں میں کلینکس آن ویلز کے ذریعے 4 کروڑ افراد کو طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ مستحق مریضوں کو دو ماہ کی مفت ادویات ان کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے وقت دل کے آپریشن کے منتظر 15 ہزار بچوں کے علاج کا معاملہ درپیش تھا، جن کے آپریشن مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 3 ہزار کامیاب آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔ چھوٹے شہروں میں امراض قلب کے مراکز قائم کیے گئے ہیں اور آئندہ 18 ماہ میں تمام ڈویژنوں میں کینسر کے علاج کے یونٹس قائم کیے جائیں گے۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے اسلام آباد کی وفاقی چارٹرڈ جامعات کے طلبہ میں 3 ہزار 562 لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جبکہ 451 طلبہ و طالبات کو 41 کروڑ 48 لاکھ روپے مالیت کے ہونہار اسکالرشپس کے چیک دیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے لیپ ٹاپ کی تعداد 40 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 12 ہزار اور ہونہار اسکالرشپس کی تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دی ہے۔ دیگر صوبوں اور علاقوں کے طلبہ کے لیے بھی 5 ہزار اسکالرشپس مختص کی گئی ہیں، جن میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ شامل ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کسی باصلاحیت طالب علم کی اعلیٰ تعلیم کے حصول میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔ لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس کا مقصد مستحق طلبہ کو تعلیمی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں الیکٹرک بس سروس اور دو شہری خوبصورتی کے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، جن پر مجموعی طور پر ایک ارب 16 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

کمرشل مارکیٹ کی خوبصورتی کا منصوبہ 47 کروڑ روپے جبکہ راجہ بازار کا منصوبہ 69 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ دونوں منصوبوں میں فٹ پاتھ، روشنی، بیٹھنے کے لیے بینچ، ٹائلز، شجرکاری اور عمارتوں کی تزئین و آرائش شامل ہے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 80 سے زائد الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں۔

مریم نواز کی راولپنڈی آمد پر مختلف مقامات پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مختلف بازاروں اور شاہراہوں پر استقبالی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں، اپنے والدین کا احترام کریں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے۔

Web Desk

Comments are closed.