عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پشاور کے علاقے پانچ کٹھہ میں کارروائی کرتے ہوئے 2500 کلوگرام سے زائد ملاوٹی چائے کی پتی اور غیر معیاری مصالحہ جات ضبط کر لیے، جبکہ ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور وومن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی ہدایات پر صوبے بھر میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پانچ کٹھہ میں کارروائی کے دوران 1200 کلوگرام سے زائد ملاوٹی کالی چائے کی پتی برآمد کرکے ضبط کی گئی۔ اسی علاقے میں ایک الگ کارروائی کے دوران تقریباً 1300 کلوگرام ملاوٹی اور غیر معیاری مصالحہ جات بھی برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں کارروائیوں میں برآمد ہونے والی اشیائے خورونوش ضبط کر لی گئی ہیں، جبکہ ملوث افراد کے خلاف خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خوراک کفایت اللہ نے کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔


Comments are closed.