پاکستان کے شوگر سیکٹر میں اہم اصلاحات، تمام صوبوں کا ڈی ریگولیشن پالیسی پر اتفاق

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 24 نومبر: پاکستان کے شوگر سیکٹر میں جامع اصلاحات کے لیے سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی پر متفقہ طور پر عملدرآمد پر اتفاق کر لیا ہے، جس کا مقصد چینی کی صنعت کو حکومتی ضابطہ جاتی پابندیوں سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقل کرنا ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق نئی پالیسی متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور صوبائی حکومتوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد غیر ضروری حکومتی مداخلت اور ریگولیٹری پابندیوں میں کمی، آزادانہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے۔

پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکار اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کر سکیں گے، جبکہ گنے کی قیمتوں کا تعین مارکیٹ میکنزم کے تحت ہوگا۔ اس اقدام سے کاشتکاروں کو تجارتی فیصلوں میں زیادہ آزادی اور خریداروں کے درمیان مسابقت کے مواقع میسر آئیں گے۔

نئی اصلاحات میں گنے کے کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے اور زرعی پیداوار و کارکردگی میں اضافے کے لیے فارم میکانائزیشن اسکیموں کو فروغ دینے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

صنعتی سطح پر نئی شوگر ملوں کے قیام اور پیداواری صلاحیت کی منظوری سے متعلق پابندیاں ختم کی جائیں گی، جس کے بعد ملیں مارکیٹ کی طلب اور کاروباری حالات کے مطابق اپنی پیداواری سرگرمیوں کا تعین کر سکیں گی۔ اس اقدام سے صنعت میں نئی سرمایہ کاری، صنعتی کارکردگی اور مسابقت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

پالیسی کے تحت چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے قابل پیش گوئی طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا، برآمدی سبسڈی ختم کی جائے گی اور ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت آسان بنائی جائے گی، تاکہ آزادانہ تجارت اور مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ حاصل ہو۔

مزید برآں، ایتھنول کی بلینڈنگ لازمی قرار دینے اور کموڈیٹی مارکیٹس کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جس سے مارکیٹ میکنزم مضبوط بنانے، قیمتوں کے شفاف تعین اور صنعت میں نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

نئی پالیسی کا مقصد گنے کے کاشتکاروں، شوگر مل مالکان، تاجروں اور برآمد کنندگان سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو فائدہ پہنچانا اور پیداوار، صنعتی کارکردگی، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

تمام صوبائی حکومتوں کا متفقہ اتفاق پاکستان کی شوگر انڈسٹری میں اصلاحاتی عمل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پالیسی کے ذریعے شعبے کو غیر ضروری حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقت، پیداواری صلاحیت، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی پر مبنی نظام کی طرف منتقل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Web Desk

Comments are closed.