پاکستانی فن و ثقافت پر پابندی کا بھارتی مطالبہ قابلِ مذمت، احسن اقبال کا دوٹوک ردعمل

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد، 25 نومبر 2026

 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پاکستانی ڈراموں اور فن و ثقافت پر پابندی عائد کرنے کے بھارتی مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فن، کھیل اور ثقافت کو سیاسی تعصب اور دشمنی کی بھینٹ چڑھانا ایک تنگ نظرانہ اور غیر منصفانہ رویہ ہے۔ بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستانی تفریحی مواد کو روکنے کی کوششوں پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، جبکہ **#GrowUpIndia** سوشل میڈیا پر نمایاں رجحان بن گیا۔

 

وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے مطابق پروفیسر احسن اقبال کا ردعمل آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط کے بعد سامنے آیا، جس میں نیٹ فلکس سے پاکستان کی پہلی اصل نیٹ فلکس سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی 4 دسمبر کو ہونے والی ریلیز روکنے اور بھارتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

 

وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں سوال اٹھایا کہ کرکٹ میچ کو سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈرامے کو قومی سلامتی کا مسئلہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فن اور کھیل کو سیاسی کشیدگی سے الگ رکھا جانا چاہیے، کیونکہ ثقافتی سرگرمیوں کو پابندیوں اور سیاسی دباؤ کا نشانہ بنانا تخلیقی آزادی کے منافی ہے۔

 

پاکستانی فنکاروں، ڈرامہ سازوں اور تخلیق کاروں کے کام کو محض سیاسی اختلاف کی بنیاد پر روکنے کا مطالبہ نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ یہ ثقافتی تبادلے اور فنکارانہ اظہار کے بنیادی اصولوں سے بھی متصادم ہے۔ کسی ملک کے فن اور ثقافت کو سیاسی تنازعات کی سزا دینا ایک ایسا طرزِ عمل ہے جو عوام کے درمیان رابطے اور باہمی سمجھ بوجھ کے امکانات کو محدود کرتا ہے۔

 

پروفیسر احسن اقبال نے پاکستانی تخلیقی اور ثقافتی صنعت کو عالمی سطح پر مضبوط برآمدی شعبہ بنانے کے لیے جاری اقدامات پر بھی زور دیا ہے۔ وزارت کے مطابق نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس سمیت عالمی اسٹریمنگ اداروں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے پاکستانی مواد کی بین الاقوامی تشہیر اور تقسیم کے مواقع بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے مواد کے خطے میں شامل کرنے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے، تاکہ پاکستانی تخلیق کاروں کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہو اور ان کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔

 

وزارت کے مطابق وفاقی وزیر نے علامہ اقبال، قائداعظم اور مغلیہ دور کے تاریخی ورثے پر مبنی سیریز کی تیاری کے لیے ابتدائی مالی معاونت بھی فراہم کی ہے۔ تخلیقی اور ثقافتی برآمدات میں اضافے کے لیے پالیسی اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔

 

پاکستانی ڈرامے اور فلمیں پہلے ہی دنیا بھر میں ناظرین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ایسے میں پاکستانی مواد کو علاقائی پابندیوں کے ذریعے روکنے کی کوششیں پاکستانی تخلیقی صلاحیتوں کی عالمی مقبولیت کو ختم نہیں کر سکتیں۔ پاکستان اپنے فنکاروں، تخلیق کاروں اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ پاکستانی کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچتی رہیں۔

Web Desk

Comments are closed.