عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 25 نومبر: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تشکیلِ نو کا عمل تیز کرنے اور اسے مؤثر و جدید ادارہ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
وزیراعظم نے این سی سی آئی اے کی تشکیلِ نو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے اور اس کے ماتحت دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعینات کیے جائیں، جبکہ بہترین اور میرٹ پر مبنی افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ادارے کی تشکیلِ نو میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیح دی جائے اور زیر التوا سائبر کرائم مقدمات نمٹانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کردہ اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں این سی سی آئی اے کی تشکیلِ نو سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ ادارے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے لیے میرٹ پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سائبر جرائم سے متعلق قومی سلامتی کے لیے ایک خصوصی نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم مقدمات نمٹانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔


Comments are closed.