بلوچستان کی طالبات کو تعلیم اور بااختیار بنانے کے ذریعے تشدد سے پاک معاشرے کے قیام پر زور
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 26 نومبر: بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریزم کے زیرِ اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں سیمینار منعقد ہوا۔
سیمینار کا موضوع ’’دخترانِ بلوچستان کی تعلیم و استعدادِ کار میں اضافے کے ذریعے تشدد سے پاک معاشرے کا قیام‘‘ تھا۔
چیف کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ نے کہا کہ سیمینار کا مقصد خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو تعلیم، شعور اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بااختیار بنانا، پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف آگاہی فروغ دینا اور خواتین کے حقوق کا تحفظ ہے۔
ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے خواتین کی تعلیم اور فیصلہ سازی میں مؤثر شمولیت کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ڈاکٹر سلمیٰ نواز نے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے اور اداروں کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا۔
پی ایچ ڈی اسکالر سائمہ جمالی نے اسلام کی روشنی میں خواتین کے حقوق اور معاشرے میں ان کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دخترانِ بلوچستان کو تعلیم اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرکے سماجی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔


Comments are closed.