بلوچستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کی دوسری بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 26 نومبر: سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے زیرِ اہتمام سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔
کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی جامعات کے ماہرینِ تعلیم، سائنسدانوں اور محققین نے شرکت کی اور مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، طبی تحقیق، جینیات، نینو ٹیکنالوجی، ادویات کی دریافت اور دیگر سائنسی موضوعات پر تحقیقی مقالے پیش کیے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے کہا کہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی معاشرتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ جامعات کو معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیق کے فروغ اور طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم قوم کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تحقیق، تخلیقی سوچ اور جدید ٹیکنالوجی پر توجہ دیں۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بتایا کہ اپنے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں انہوں نے صوبائی تعلیمی بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 26 فیصد کیا اور تین میڈیکل کالجز سمیت چھ جامعات قائم کیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت انہیں مواقع، حوصلہ افزائی اور مناسب فنڈنگ فراہم کرنے کی ہے۔
کانفرنس میں بلوچستان کے زرعی وسائل، کوئٹہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور مختلف سائنسی شعبوں میں تحقیق پر بھی مقالے پیش کیے گئے۔


Comments are closed.