مکران کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹائم لائن مقرر، مسافر بسوں میں ایرانی تیل کی نقل و حمل پر پابندی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
گوادر، 27 نومبر 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت گوادر میں مکران ڈویژن کے عوامی مسائل، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے اور مکران روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر بسوں اور متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فوری نوعیت کے مسائل 7 سے 10 روز، درمیانی مدت کے مسائل 20 روز جبکہ طویل المدتی مسائل 60 روز میں حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزمرہ مسائل کا عملی حل حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں مکران ڈویژن کے 1,472 اسکولوں اور 10,236 تدریسی و غیر تدریسی ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اساتذہ اور تعلیمی وسائل کی ضروریات کے مطابق ریشنلائزیشن، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ 107 اسکول بسوں کو فعال بنانے کے لیے ایندھن اور ڈرائیورز سے متعلق فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے گوادر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور جی ڈی اے ٹراما سینٹر کی مؤثر فعالیت کے لیے دس روز میں جامع انتظامی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ نئے ضلع تمپ میں 50 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر تک آر ایچ سی میں طبی سہولیات یقینی بنانے اور مکران ڈویژن کے ہسپتالوں میں طبی عملے، ادویات اور ہنگامی سہولیات کی دستیابی برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں شادی کور، دَسی ڈیم اور جیونی سمیت آبی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور گوادر و پسنی کو پانی کی پائیدار فراہمی کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ تربت، مند روڈ اور ناہنگ پل سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کا اصل پیمانہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مسائل کا بروقت حل ہے۔ محض اجلاسوں اور رپورٹس سے نتائج حاصل نہیں ہوں گے، بلکہ مقررہ ٹائم لائنز کے اندر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت میں غفلت اور کوتاہی سے گریز کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ مکران کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے حکومتی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔


Comments are closed.