قومی یکجہتی اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اجتماعی مکالمے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: صوبائی مشیر ڈاکٹر ربابہ بلیدی اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے قومی یکجہتی، امن، اتحاد اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اجتماعی مکالمے اور باہمی رواداری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
اس سلسلے میں ’’نیشنل ڈائیلاگ فار پیس اینڈ یونٹی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور دیگر معزز شرکاء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام طبقات کو ایک دوسرے کے نظریات، ثقافت، روایات اور احساسات کا احترام کرنا ہوگا۔ باہمی مکالمہ، برداشت اور افہام و تفہیم اختلافات کے خاتمے اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے مؤثر ذرائع ہیں۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شاہد رند نے کہا کہ قومی اتحاد اور امن کا قیام صرف حکومت نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں کو مشترکہ پلیٹ فارم پر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان مختلف زبانوں، ثقافتوں اور روایات کا امتزاج ہے، جہاں باہمی احترام اور رواداری کے فروغ سے قومی یکجہتی کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے قومی سطح پر مثبت مکالمے، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کے لیے اجتماعی کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔


Comments are closed.