وزیراعلیٰ بلوچستان کے تعلیمی اقدامات سے جامعہ تربت میں جدید تحقیق اور طلبہ کی سہولیات کو فروغ ملے گا، وائس چانسلر

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

تربت (28 نومبر 2026): جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے جامعہ کے دورے اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی سہولیات اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے متعدد اہم اعلانات پر حکومت بلوچستان، بالخصوص وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات پر عملدرآمد سے مکران میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔

وائس چانسلر نے وزیراعلیٰ کے ہمراہ جامعہ تربت آنے اور ادارے کی ترقی میں دلچسپی لینے پر صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر ضیاء اللہ لانگو، میر شعیب نوشیروانی، سلیم کھوسہ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، آئی جی پولیس محمد طاہر، کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، ایس پی تمپ محمد عارف بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا یہ دورہ جامعہ اور پورے مکران کے تعلیمی مستقبل کے لیے مثبت اور دور رس اثرات کا حامل ثابت ہوگا۔ صوبائی قیادت کی جانب سے طلبہ کے ساتھ براہ راست رابطے اور تعلیمی مسائل میں دلچسپی لینے سے اساتذہ اور طلبہ کا حوصلہ بلند ہوا ہے، جبکہ نوجوانوں میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا جذبہ مزید مضبوط ہوا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے 26 نومبر کو جامعہ تربت کی فیکلٹی آف لا کا دورہ کیا تھا، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جامعہ کی ترقی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا، جن میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مصنوعی ذہانت کی لیبارٹری کے لیے فنڈز مختص کرنا، جدید سائنسی تحقیق کے لیے مالیکیولر لیبارٹری کا قیام اور طالبات کے لیے 50 اسکوٹیز کی فراہمی شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ و طالبات کے لیے گرین بس اور پنک بس سروس شروع کرنے، دورے کے موقع پر موجود طلبہ کے لیے سرکاری اخراجات پر اسلام آباد اور مری کے مطالعاتی دوروں کا اہتمام کرنے اور شعبہ قانون کی طالبات کو درپیش انٹرن شپ کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری مالی معاونت اور انٹرن شپ کی فراہمی کے اقدامات کا بھی اعلان کیا تھا۔

وائس چانسلر نے صوبے کی جامعات کی سالانہ گرانٹ ڈھائی ارب روپے سے بڑھا کر 10 ارب روپے کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کے پیش نظر مالی معاونت میں مزید اضافے کی درخواست کی۔ انہوں نے جامعات کے فنڈنگ فارمولے پر نظرثانی اور نئی بھرتیوں و ترقیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت سمیت نئی اور ابھرتی ہوئی جامعات کو تعلیمی و تحقیقی معیار بہتر بنانے کے لیے مالی اور انتظامی سہولیات کی ضرورت ہے۔ وائس چانسلر نے یقین دہانی کرائی کہ جامعہ کی انتظامیہ وزیراعلیٰ کی جانب سے کیے گئے اعلانات پر مؤثر عملدرآمد اور خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

Web Desk

Comments are closed.